حکومت پی اے سی کو میٹرو بس اور یوتھ فیسٹیول کا ریکارڈ فراہم نہیں کر رہی،نوشین حامد

حکومت پی اے سی کو میٹرو بس اور یوتھ فیسٹیول کا ریکارڈ فراہم نہیں کر رہی،نوشین ...

لاہور(پ ر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤ ئنٹس کمیٹی کو یوتھ فیسٹول اور میٹرو بس پراجیکٹ کا ریکارڈ فراہم نہیں کررہی،یوتھ فیسٹول اور میٹرو بس پراجیکٹ میں ہونے والی کرپشن سامنے آچکی ہے پنجاب اسمبلی کی مجالس قائمہ کو از خود نوٹس لینے کا اختیار دیا جائے ،مسلم لیگ( ن )نے ہمیشہ پنجاب اسمبلی کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی ہے،پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں اپوزیشن نے اصولی او ر وزنی موقف اختیار کیا جبکہ حکومت کا طرز عمل غیر سنجیدہ ہے۔

، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں نہ جانے اہم فیصلے کون کرتا ہے اسی وجہ سے یہاں میرٹ کی بالادستی قائم نہیں ہوسکی ، خیبرپختون خواہ میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد یہاں سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت ختم ہوگئی اور میرٹ کی بالادستی قائم کی گئی اور سفارش کلچر کا خاتمہ کردیا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختون خواہ میں اب انصاف عام اور احتساب سرعام کا نعرہ مقبول ہوچکا ہے ،خیبرپختون خواہ میں سرکاری خزانہ صرف عوام پر خرچ کیا جارہا ہے وہاں اقرباء پروری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1