مشترکہ مفادات کونسل کا اجلا س ،فوج کی مصروفیت کے باعث چھٹی مردم شماری موخر ،صوبوں سے مشاور کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا

مشترکہ مفادات کونسل کا اجلا س ،فوج کی مصروفیت کے باعث چھٹی مردم شماری موخر ...

اسلام آباد ( اے این این، آ ن لا ئن ، ما نیٹر نگ ڈیسک ) مشترکہ مفادات کونسل نے فوج کی مصروفیت کے پیش نظر چھٹی مردم شماری کرانے کا فیصلہ متفقہ طورپرموخر کردیا،متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے مردم شماری کانیاشیڈول جاری کیاجائے گا، کونسل نے ایل پی جی پالیسی 2015 اور سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کے مسودہ بل کی منظوری بھی دے دی ، کچھی کینال میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لے لیاگیا ، انکوائری کمیٹی قائم ،مشترکہ مفادات کونسل کا اگلا اجلاس 25مارچ کو ہوگا ، نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر غورکیاجائے گا۔پیرکو مشترکہ مفادات کونسل کا اٹھائیسواں اجلاس تقریباً 11ماہ بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہواجس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیر خزانہ ، وزیر پٹرولیم ، وزیر پانی و بجلی ، وزیر بین الصوبائی رابطہ وزیر مذہبی سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مردم شماری، وفاق اور صوبوں میں تیل و گیس کی تلاش سمیت 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں سرفہرست مردم شماری کا ایجنڈا تھا ۔ محکمہ شماریات نے مردم شماری سے متعلق رپورٹ پیش کی جس کے بعد صوبوں کے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز میں مصروف ہونے کے باعث مردم شماری موخر کردی جائے ۔اجلاس میں کہاگیاکہ مردم شماری کے لئے پاک فوج کے جوان دستیاب نہیں اس لئے مارچ میں مردم شماری نہیں کرائی جا سکتی تاہم فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں مردم شماری کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا چونکہ مردم شماری کے لئے بلوچستان میں سب سے زیادہ فوج کی ضروت ہے اس لئے صوبو ں سے مشاورت کے بعد نئی تاریخ کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ ملک میں آخری مرتبہ 1998 میں مردم شماری ہوئی تھی اور موجودہ حکومت نے تقریبا 16 برس بعد مارچ میں مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن تیاریاں مکمل نہ ہونے پر صوبوں کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔مشترکہ مفادات کونسل نے ایل پی جی پالیسی 2015 کی منظوری بھی دیدی۔ ایل پی جی کی نئی پالسی سے گھریلو سلنڈر چار سوروپے تک سستا ہوجائے گا۔وفاقی حکومت گھریلو اور کمرشل سلنڈر کی یکساں قیمت مقرر کرے گی۔پالیسی سے ایل پی جی کی من پسند قیمت مقرر کرنے کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔گزشتہ نو برس سے ایل پی جی کی قیمت مارکیٹنگ کمپنیاں مقرر کررہی تھیں ۔اجلاس میں سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کے مسودہ بل کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کے دوران کچھی کینال میں بے قاعدگیوں کا نوٹس بھی لیا گیا جس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بنادی گئی ۔ کمیٹی کے سربراہ ایک ریٹائرڈ جج ہوں گے ، پانی و بجلی ، خزانہ اور منصوبہ بندی کے سیکرٹری کمیٹی کے ممبر ہوں گے ۔ اجلاس میں 2015سے 2025 تک سیلاب سے بچاؤ کے چوتھے قومی منصوبے کی تیاری کے علاوہ نکاسی آب ، حب ڈیم سے پانی کی مناسب تقسیم اور RBOD III کی جلد تکمیل کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم جیت رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں،ہم ان کا اعتراف کرتے ہیں۔اس جنگ میں فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداکے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ مشترکہ مفادات کونسل کا اگلا اجلاس 25 مارچ کو ہوگا جس میں نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کے ایک نکاتی ایجنڈے پر غورکیاجائے گا۔

مزید : صفحہ اول