پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز ،شرمین عبید چنائے کی ڈاکو مینٹری فلم ’’اے گرل ان دار یور‘‘نے آسکر ایوارڈ جت لیا

پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز ،شرمین عبید چنائے کی ڈاکو مینٹری فلم ’’اے گرل ...

لاس اینجلس،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی،اے پی پی )پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر اکیڈمی ایوارڈ اپنے نام کرلیا، شرمین نے اے گرل اِن دی ریور پر بہترین ڈاکیو مینٹری کا آسکر ایوارڈ جیتا ، شرمین عبید چنائے نے اپنی والدہ کے ساتھ ریڈ کارپٹ کی رونق بڑھائی ۔88ویں آسکر ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی گئی۔شرمین عبید چنائے کو ’بیسٹ شارٹ ڈاکیو مینٹری‘ کی کیٹیگری میں غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکیو مینٹری ’اے گرل ان دی ریور، دی پرائس آف فورگیونس‘ پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اے گرل اِن دی ریور‘ شرمین عبید چنائے فلمز اور ہوم باکس آفس کی مشترکہ پروڈکشن تھی جس میں ایک اٹھارہ سالہ لڑکی کی زندگی کا احوال بیان کیا گیا تھا جو غیرت کے نام پر قتل کی کوشش میں بچ جاتی ہے۔ یاد رہے کہ شرمین عبید چنائے نے اس سے قبل 2012 میں بھی اپنی ڈاکیو مینٹری ’سیونگ فیس‘ پر پاکستان کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔اس موقع پر شرمین عبید چنائے کا کہنا تھا کہ پرعزم خواتین کی محنت کا صلہ کامیابی کی صورت میں ملتا ہے، ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنھوں نے یہ فلم بنانے میں ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے غیرت کے نام پر قتل کے قانون میں ترمیم کا وعدہ کیا ہے، یہ فلم کی طاقت ہی ہے کہ حکمرانوں نے قانون میں ترمیم کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ مضبوط پیغام دینا چاہیے کہ یہ بھیانک جرم ہماری ثقافت یا مذہب کا حصہ نہیں ہے۔سال 2015 کے لیے ’بہترین معاون اداکارہ‘ کا آسکر ایوارڈ فلم ’ڈینش گرل‘ کی ایلیسیا ویکانڈر نے حاصل کیا، جبکہ ’بہترین اسکرین پلے‘ کا ایوارڈ فلم ’بگ شارٹ‘ کو دیا گیا۔ ’بہترین اینیمیٹڈ شارٹ فلم‘ کا ایوارڈ ’بیئر اسٹوری‘ نے حاصل کیا جبکہ فلم ’انسائیڈ آؤٹ‘ کو ’بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ’بہترین کاسٹیوم ڈیزائن‘ کے لیے فلم ’میڈ میکس فیوری روڈ‘ کو ایوارڈ دیا گیا، جبکہ ’بہترین سینماٹوگرافی‘ کا ایوارڈ فلم ’دی ریوینیٹ‘ کے حصے میں آیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے شرمین عبید چنائے کو دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ پیر کو اپنے تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شرمین عبید نے اپنی فلم میں ایک اہم معاشرتی مسئلہ اجاگر کر کے کارنامہ سر انجام دیا جس کے لئے وہ مبارک باد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ تعلیم کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے بھی مہمات چلانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ وطن عزیز کے باصلاحیت فن کار اور تخلیق کار ایسے مسائل پر بھی توجہ دیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے شرمین عبید چنائے کو دوسری بار آسکر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیراعظم نے شرمین عبید چنائے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کی کوئی جگہ نہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت غیرت کے نام پر ایسے ظالمانہ اور غیر انسانی اقدامات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرمین عبید چنائے جیسی خواتین نہ صرف پاکستانی قوم کا فخر ہیں بلکہ معاشرے میں اپنا اہم کردار بھی ادا کررہی ہیں ۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شرمین عبید چنائے کی جانب سے دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کرنا پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ خواتین کے ساتھ ناانصافیوں اور ظلم و جبر کے خلاف شرمین عبید چنائے کی گہری کمٹمنٹ اور ٹیلنٹ کا اعتراف ہے۔ انہوں نے شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنا اچھا کام اسی طرح جاری رکھیں گی۔پیپلز ہارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری،عمران خان اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرمین عبید کو مبارکباد دی ہے،

مزید : صفحہ اول