شہبازشریف کی دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارکباد

شہبازشریف کی دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے پر شرمین عبید چنائے کو مبارکباد

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دوسری بار آسکر ایوارڈ جیتنے پرمعروف پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ شرمین عبید چنائے نے غیرت کے نام پر قتل سے متعلق بہترین دستاویزی فلم ’’اے گرل ان دی ریور،دی پرائس آف فار گیونس‘‘بنا کر آسکر ایوارڈ جیتا ہے جو کہ صرف شرمین عبید چنائے کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کیلئے باعث فخرہے۔انہوں نے کہا کہ شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر ایوارڈ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے اوران کا دوسری مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنا ملک کیلئے اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شرمین عبید چنائے کا دوسر ی بار آسکرایوارڈ جیتنا اس بات کاثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین انتہائی با صلاحیت ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاشرمین عبید چنائے کی دستاویزی فلم ’’اے گرل ان دی ریور،دی پرائس آف فار گیونس‘‘اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل جیسا بھیانک جرم ہماری ثقافت یا مذہب کا حصہ نہیں ہے۔ حکومت کی اولین پالیسی خواتین کو بااختیار بنانا اورمعاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کا خاتمہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی ایک بیٹی نے اپنی فلمسازی کے فن کے ذریعے قابل چیلنجز موضوعات پر کام کرتے ہوئے معاشرے کی بہبود کیلئے کردار ادا کیا ہے ۔

مزید : صفحہ اول