سی این جی کی قیمتوں میں فی کلو 6سے 7روپے کمی،اطلاق آج سے شروع

سی این جی کی قیمتوں میں فی کلو 6سے 7روپے کمی،اطلاق آج سے شروع

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) صوبے بھر میں آر ایل این جی استعمال کرنے والے سی این جی اسٹیشنوں پر سی این جی کی قیمتوں میں آج یکم مارچ سے 6سے 7 روپے فی کلو کم کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا ہے، جس میں صارفین کو آج سے سستی سی این جی ملے گی۔ اس حوالے سے وزارت پٹرولیم اور سی این جی مالکان کے درمیان باقاعدہ معاملات طے پا گئے ہیں جس سے عوام کو بڑی سطح پر ریلیف اور پٹرول کی نسبت صارفین کو سی این جی 30 فیصد کم قیمتوں پر دی جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ایل این جی کی درآمد کے انقلابی اقدام کے بعدپنجاب میں سی این جی کی قیمت کم کر دی ہے جس کا اطلاق کل یکم مارچ سے ہو گا۔ گیس کی فی کلو قیمت میں چھ سے سات روپے کی کمی ان سی این جی سٹیشنز پر کی جا رہی ہے جو آر ایل این جی پر چل رہے ہیں جس سے لاکھوں افراد کا روزگار بحال ہو گا جبکہ آئل امپورٹ بل اور آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ غیاث پراچہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی کوششوں سے پنجاب کی سی این جی صنعت میں لگایا گیا تین سو پچاس ارب کا سرمایہ محفوظ ہو گیا ہے اور اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کا امکان بڑھ گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میں دستیاب سی این جی پٹرول سے کم از کم تیس فیصد کم ہو گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہونگے جو عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف ہو گا۔

مزید : صفحہ اول