راجہ اشفاق سرور کی صدارت میں تھیم پارک کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

راجہ اشفاق سرور کی صدارت میں تھیم پارک کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی صدارت میں تھیم پارک کی تعمیر کے معاملات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل خواجہ، چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ عبدالباسط، سیکرٹری ٹورازم ہمایوں مہر شیخ، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، ڈائریکٹر لاء و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ تھیم پارک کیلئے اراضی کے حصول و دیگر انتظامی و قانونی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ڈزنی لینڈ کی طرز پر قائم کئے جانے والے اس بین الاقوامی تفریحی سہولیات سے مزئین منصوبے میں تھیم پارک، واٹر پارک، ایکویئریم، رہائشی سہولیات، بزنس سینٹرز و دیگرکمرشل سرگرمیاں شامل ہوں گی۔منصوبے پر تمام سرمایہ کاری چینی کمپنی کرے گی اور حکومت پنجاب صرف سہولیات فراہم کرے گی۔

جلاس کو بتایاگیا کہ منصوبے سے نہ صرف پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے جلدازجلد آغاز کیلئے تمام امور فوری طور پر طے کر لئے جائیں۔ انہوں نے بتایاکہ معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد ہی چینی کمپنی کے حکام لاہور کا دورہ کریں گے اور معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد 6ماہ کے اندر تھیم پارک کی تعمیر مکمل کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4