نااہل حکمران قومی اداروں کی بربادی کے درپے ہیں،الطاف شاہد
لاہور (جنرل رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ نااہل حکمران قومی اداروں کی بربادی کے درپے ہیں۔ ان کاایک ایک پل ملک وقوم کیلئے بھاری ہے ،ان کیلئے مزید مہلت ریاست اورمعیشت کیلئے انتہائی مہلک ہوگی ۔پرویزمشرف پاکستان کاسرمایہ افتخار ہیں،وہ آج بھی خوشی خوشی مادرووطن پراپناتن من دھن نچھاورکردیں گے ۔پاکستان میں امن واستحکام کی چابی پرویز مشرف کے پاس ہے ۔حکمران صرف بیرون ملک فیکٹریاں لگاسکتے ہیں ،قومی ادارے بنانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔پرویزمشرف کی اصلاحات سے قومی معیشت اورریاستی اداروں کوتقویت ملی۔ وہ اے پی ایم ایل پروفیشنل ونگ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ حکمرانوں کاپرویز مشرف کے حقوق سے انکارآئین سے انحراف ہے ۔دہشت گرد آسانی سے پاکستان میں آجاسکتے ہیں۔
مگر پرویز مشرف کوبیماری کے باوجودبیرون ملک نہیں جانے دیاجارہا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قانون کی حکمرانی کیلئے معرض وجودمیں آیامگر شریف برادران شہنشاہ بن گئے۔ میاں نوازشریف آئین کے تحت نہیں بلکہ اپنی مرضی ومنشاء کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے آئین نہیں دوسرمایہ دارسیاسی خاندانوں کاغروراورسیاسی سحرضرورتوڑاتھا ۔پرویز مشرف اپنے ہم عصرسیاستدانوں سے زیادہ جمہوریت پسند ہیں ورنہ شریف برادران کوملک سے فرارہونے کاراستہ نہ ملتا ۔انہوں نے کہا کہ آج کی نسبت پرویز مشرف کے دورحکومت میں میڈیا زیادہ آزاد تھا ۔شریف برادران کے شر سے صحافت سمیت ریاست کاکوئی ادارہ اورطبقہ محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے استحکام پاکستان کابیڑااٹھایا ہے ،وہ اپنے وطن اورہم وطنوں سے دورجانے کاتصور بھی نہیں کرسکتے مگر بیماری کے سبب علاج کیلئے بیرون ملک جانا ان کی مجبوری ہے مگروہ جلدلوٹ آئیں گے ۔