کالعدم تنظیم کے ارکان کے خلاف کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کیلئے درخواست دائر

کالعدم تنظیم کے ارکان کے خلاف کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کیلئے درخواست ...

لاہور(نامہ نگار)تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت قائم ہونے والی عدالت میں کالعدم تنظیم کے ارکان کے خلاف کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔عدالت کے جج مقرب خان نے کالعدم تنظیم کے ارکان کے خلاف کیس کی سماعت کی،جیل حکام کی جانب سے آغا طاہر، محمد نفیس، محمد سفیان اور محمد عثمان عدالت میں پیش کیا گیاجبکہ دیگرملزمان محمد سلیم، انیس، ارشد، شہزاد، محمد علی، فرخ ریاض اور زیشان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا،ملزمان کے وکیل نے کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کر تے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ ملزمان کے خلاف الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، تحفظ پاکستان ایکٹ کی دفعات کالعدم قرار دی جائیں، ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں 6 دسمبر 2014 کو مقدمہ درج کیا گیا ہے،ملزمان کے قبضہ سے عدلیہ، فوج اور حکومت مخالف لٹریچر برآمد ہوا تھا ۔

جبکہ ملزمان سے 30 ہزار پمفلٹ، 50 سے زائد سی ڈی اور ممنوعہ لٹریچر کے رسالے بھی برآمد ہوئے تھے،مذکورہ کیس کی مزید سماعت آج یکم مارچ کو ہوگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4