ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری محکمہ قانون سے 21مارچ تک جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس مامون رشید شیخ نے نوشاب اے خان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 140کے تحت ایڈووکیٹ جنرل کا آئینی عہدہ خالی نہیں رکھا جا سکتا جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے بھی 15دن میں ایڈووکیٹ جنرل کی اسامی پر تعیناتی کرنے کا حکم دے رکھا ہے لیکن ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تعیناتی نہیں کی جا رہی، ایڈووکیٹ جنرل کی عدم تعیناتی کی وجہ سے پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات التواء کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ وکلاء کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل کی تعیناتی کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری محکمہ قانون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21مارچ تک جواب طلب کر لیاہے۔

مزید : صفحہ آخر