اینٹوں کی سپلائی بند، صوبے بھر میں مظاہرے، وزیراعلیٰ تحفظات دور کریں: بھٹہ مالکان

اینٹوں کی سپلائی بند، صوبے بھر میں مظاہرے، وزیراعلیٰ تحفظات دور کریں: بھٹہ ...

لاہور ( کامرس رپورٹر ) پاکستان بھٹہ مالکان ایسو سی ایشن کی ہدایت پر گزشتہ روزپنجاب بھر کے مختلف شہروں میں بھٹہ مالکان نے اپنے حقو ق کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے اور حکو مت پنجاب کو باآورکروایا کہ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی آڑ میں بھٹہ مالکان کا معاشی قتل نہ کیا جائے بصورت دیگر لاکھوں مزدور بے روزگار اور بھٹوں پر آگ بجھنے سے اربوں روپے نقصان کی ذمہ دار پنجاب حکو مت ہو گی اور احتجاجاًً ملک بھر میں بھٹے بند کر دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لیبر او ر ضلعی حکو مت کی جانب سے بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروانے اور کئی بھٹے سیل کرنے کے بعد بھٹہ مالکان ایسو سی ایشن نے بھر پور مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری لیبر سے ملاقات کی اور مذاکرات کی ناکامی کے بعد بھٹہ مالکان نے پنجاب بھر میں اینٹو ں کی سپلائی روک دی ہے جبکہ گزشتہ روز بھٹہ مالکان نے پنجاب بھر کے مختلف شہروں کے پر یس کلب اور ڈی سی اوز آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے ۔ بھٹہ مالکان کا اہم اجلاس گزشتہ روز مرکزی صدر شعیب خان نیازی کی صدارت لاہور میں ہوا ۔ جس میں عبدالحق ، عید محمد بٹ ، سبحان علی اور دیگر رہنماؤں نے شر کت کی۔شعیب خان نیازی نے کہا کہ بیوروکریسی سازش رچاتے ہوئے بھٹہ مالکان کامعاشی قتل کر رہی ہے اور پنجاب حکو مت کو خوش کر نے کے لیے بلا جواز بھٹہ مالکا ن پر ایف آئی آرز اور بھٹہ سیل کیے گئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بیس لاکھ کے قر یب بھٹہ مزدور ہیں اور اگر بیوروکر یسی نے اپنی ضد نہ چھوڑی تو مزدور بے روزگار اور 15مارچ کے بعد بھٹوں سے آگ بجھنے پر 20 ارب روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی ذمہ دار حکو مت پنجاب ہو گی ۔بھٹہ مالکان نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شر یف سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹہ مالکان کے تحفظات دور کر تے ہوئے بیورو کریسی کو نکیل ڈالیں تاکہ بھٹہ مالکان اور بھٹہ مزدور معاشی قتل سے بچ سکیں ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پنجاب حکو مت نے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے کروڑوں روپے کی تشہیری مہم تو چلائی ہے تاہم غریب مزدر بچوں کی فلاح کے لیے حقیقی بنیادوں پر کو ئی اقدامات نہیں اٹھائے ۔

مزید : صفحہ آخر