کراچی کی صورت حال بیتری کی جانب گامزن ہے: گورنر پنجاب

کراچی کی صورت حال بیتری کی جانب گامزن ہے: گورنر پنجاب

کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کہ ملک میں صوبہ سندھ کی کیفیت ایک دل کی مانند ہے اور جب کراچی کا دل دھڑک رہا ہو تو سمجھ جانا چاہیے کہ پاکستان کی رگوں میں خون دوڑ رہا ہے۔ کراچی موجودہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی موثر حکمت عملی کے نتیجہ میں بہتری کی طرف گامزن ہے اور کراچی کی روشنیاں پورے ملک کو منور کررہی ہیں۔ وکالت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس پیشے کے تقدس کو بر قرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وکلاء برادری اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں، ملک میں جمہوریت کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے وکلاء برادری کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیاء، ارشد خان جدون، محمد اسلم بھٹہ اور وکلاء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے لئے بالترتیب 50 لاکھ اور20 لاکھ روپے جبکہ ملیر بار ایسوی ایشن کے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کراچی کو دوبارہ عروس البلاد بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ کراچی کی پوزیشن ایک ریونیو انجن کی ہے جو پورے ملک کی معیشت کا پہیہ چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں کو مرکزی حکومت کا تعاون حاصل ہے اور فیڈریشن کے استحکام کے لئے ضروری ہے کہ تمام صوبے قومی معاملات پر افہام و تفہیم کی فضا ء کو پروان چڑھائیں تاکہ ملک دنیا میں ہونے والی تیز رفتار ترقی کی دوڑمیں نمایاں ہوسکے۔گورنر پنجاب نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے لیے 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ بعد ازاں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے سندھ ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صوبہ سندھ کی کیفیت ایک دل کی مانند ہے اور جب کراچی کا دل دھڑک رہا ہو تو سمجھ جانا چاہیے کہ پاکستان کی رگوں میں خون دوڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی موجودہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی موثر حکمت عملی کے نتیجہ میں بہتری کی طرف گامزن ہے اور کراچی کی روشنیاں پورے ملک کو منور کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے اور موجودہ حکومت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ٹھوس اور قابل عمل تجاویز کا ہر سطح پر خیر مقدم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے اور بڑے بھائی کی حیثیت سے تمام صوبوں کی ترقی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے اور مشکل کی گھڑی میں پنجاب نے کسی صوبے کو تنہا نہیں چھوڑا ہے۔ گورنر نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں خواتین وکلاء کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خواتین کے لیے ملازمت کا 33 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے جبکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کا بل بھی پاس ہوگیا ہے جس سے معاشرے میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے واقعات میں نہ صرف کمی آئے گی بلکہ خواتین کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے شعور بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ عدلیہ میں خواتین کی واضع نمائندگی ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں وکلاء برادری کو اپنے اپنے پلیٹ فارم سے چیف جسٹس آف پاکستان کو تجاویز بھیجنی چاہیے۔ انہوں نے وکالت کے پیشے میں آنے والے نوجوان وکلاء کی تعلیمی قابلیت اور صلاحیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان وکلاء کے لیے ایسے ریفریشر کورسز کا بندوبست کیا جائے تاکہ اُن کی اخلاقیات اور پیشہ وارانہ اُمور میں تربیت یقینی ہوسکے۔ گورنر نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سندھ ہائی کورٹ بار کے لیے 60 لاکھ روپے اور ملیر بار کے لیے 5 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر خالد جاوید نے گورنر پنجاب کو اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

مزید : صفحہ آخر