اقتصادی راداری منصوبہ ملک کی معاشی ترقی کا ضامن ہے ، گورنر سندھ

اقتصادی راداری منصوبہ ملک کی معاشی ترقی کا ضامن ہے ، گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عظیم المشان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے یہ راستوں کا نیٹ ورک ہی نہیں بلکہ اقتصادی ، سماجی اور معاشی سنگ میل بھی ہے ، راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان اقتصادی و معاشی میدان میں تیز ترین ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا اور اس سے شرح نمو میں اضافہ ، افراط زر میں کمی اور روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے ۔ چین کے سرمایہ کاروں کے صوبہ سندھ میں کان کنی اور کھاد کے شعبے میں سرمایہ کاری خو ش آئند ہے کامیاب آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو رہاہے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں دنیا کے معروف گروپ JINCHENG ANTHRACITE MINING Group co. Ltd of China کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چین کا یہ گروپ ان دنوں صوبہ سندھ میں کوئلے کی کان کنی اور کھاد کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے آیا ہوا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام پاکستان سے وابستہ ہے اسی طرح پاکستان میں امن و استحکام کراچی کے امن و استحکام میں مضمر ہے ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری آپریشن ضرب عضب سے دنیا میں پاکستان ایک پر امن ملک کے طور پر پہچانا جار ہا ہے امن و امان کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاروں کا رجحان تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے یہاں کے ہر شعبہ میں بھرپور استعدا د موجود ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں سرمایہ کاری یقینی منافع کی ضمانت بھی ہے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چین کے سرمایہ کار گروپ کو صوبہ سندھ میں ون ونڈو آپریشن کی پیشکش بھی کی واضح رہے کہ گورنر ہاؤس سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے تاکہ سرمایہ کار صوبہ اور شہر میں وسیع پیمانے پر با آسانی سرمایہ کاری کرسکیں ۔ اس موقع پر وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا گروپ چین کا ایک سر فہرست گروپ ہے، سالانہ آمدنی کے لحاظ سے دنیا کے500 گروپ میں اس گروپ کا 70واں نمبر ہے یہ گروپ دنیا بھر میں کان کنی اور کھاد کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کررہا ہے اور صوبہ سندھ میں بھی اسی مقصد کے لئے آیا ہے اس ضمن میں گروپ نے صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی ترجیحات طے کرلی ہے بہت جلد صوبہ میں ان شعبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری یقینی بنائیں گے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول