چینی کمپنی پنجاب میں واٹر سیکٹر کی بہتری مین تعاون فراہم کرے گی ، مفاہمتی یاداشت پر دستخط

چینی کمپنی پنجاب میں واٹر سیکٹر کی بہتری مین تعاون فراہم کرے گی ، مفاہمتی ...

لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی سائینوہائیڈرو کارپوریشن کے مابین یہاں واٹر سیکٹر میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پنجاب حکومت کی طرف سے ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد جبکہ سائینوہائیڈرو کارپوریشن کی جانب سے نائب صدرمسٹر لیولائشن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت چین کی کمپنی واٹر سیکٹر کی بہتری میں تعاون اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی مضبوط معاشی تعاون میں بدل رہی ہے ۔ چین کی متعدد کمپنیوں کے پنجاب حکومت کے ساتھ بڑھتے ہوئے اشتراک سے دو طرفہ معاشی تعاون فروغ پا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس منصوبے سے صوبے کی چار کروڑ دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل خرچ کر رہی ہے ۔ چین کی کمپنی صاف پانی پراجیکٹ میں تعاون فراہم کر سکتی ہے ۔ دوست ملک چین کی ٹیکنالوجی اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کے شاندار منصوبے پر تیزرفتاری ، شفافیت اوراعلی معیار سے کام کیا جا رہا ہے ۔ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کے حوالے سے سائینوہائیڈرو کارپوریشن کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بڑا چیلنج ہے جس پر سنجیدگی اور اخلاص سے کام کر رہے ہیں ۔ صحتمند ماحول اور عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ واٹر سیکٹر کی بہتری کے لئے چین کی کمپنی کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ چین کی کمپنی پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی بہتری میں بھی تعاون کر سکتی ہے ۔قبل ازیں سائینو ہائیڈروکارپوریشن کے اعلی سطح کے وفد نے نائب صدر مسٹر لیولائشن (Mr. Lyu Liushan)کی قیادت میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور چینی کمپنی نے واٹر اینڈ ویسٹ واٹر پراجیکٹ کے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔چینی کمپنی کے نائب صدر نے کہا کہ ان کی کمپنی واٹر سیکٹر کی بہتری میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویراسلم ملک، چین کے قونصل جنرل یوبورن،خواجہ احمد حسان ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور چین کی کمپنی کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ گردے و جگر کے امراض کے جدید علاج کے حوالے سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوریہ ادارہ خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا۔وہ آج یہاں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کے بعض امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پا کستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے قیام سے گردے اور جگر کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی اوراس ادارے میں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس، کلینیکل ریسرچ اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک عظیم شاہکار بنے گااور یہ منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگاجس کی تکمیل سے گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب ہوگی اوراس ادارے کا شمار دنیا کے اعلیٰ ترین اداروں میں ہو گا۔ا نہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی اعلیٰ معیاراور شفافیت کا شاہکار ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ صوبائی ووفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے کے حوالے سے امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم ڈی نیسپاک، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنر کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید : کراچی صفحہ اول