ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،محمد عاطف

ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،محمد عاطف

مردان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مردان میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے اور ترقیاتی منصوبوں کا خود موقع پر جا کر معائنہ کریں اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کریں ،وہ کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی اور ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے ساتھ مردان میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کر رہے تھے ،اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے رکن اور پارلیمانی سیکرٹری کلچر ڈیپارٹمنٹ زاہد درانی ، ضلع کونسل کے ارکین انجینئر عادل نواز اور سید عمر فاروق کاکاخیل اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو مردان میں جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،محمد عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی اور گذشتہ ڈھائی سال کے دوران ہماری حکومت کی کوششوں سے تھانہ اور پٹواری کلچرمیں بہتری آئی ہے اسی طرح دیگر سرکاری دفاتر سے بھی کرپشن کے خاتمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے تاہم اس حوالے مزید کام کی بھی ضرورت ہے تاکہ تمام محکموں سے کرپشن کے ناسور کا قلع قمع ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بھرتیاں خالص میرٹ کی بنیا د پر ہو رہی ہیں اور نہایت غریب خاندانوں کے نوجوان بغیر کسی رشوت اور سفارش کے اعلیٰ گریڈ میں تعینات ہوچکے ہیں جو پی ٹی آئی حکومت کی میرٹ پالیسی کا واضح ثبوت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں حاضری کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے اور پہلی بار جزا وسزا کی پالیسی سے جہاں کام چوروں کو انضباطی کاروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے وہاں بہتر کاکردگی دکھانے والوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب ہماری توجہ ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر مرکوز ہے اور اس سلسلے میں اصلاحاتی عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بہتر نتائج برامد ہوں گے۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو مردان اور شیخ ملتون ٹاؤن میں سیوریج اور ڈرینج سمیت مردان کی خوبصورتی کے منصوبے کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں تمام روکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔

مزید : پشاورصفحہ اول