ہر کسی کو بلا تفریق معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، سکندر حیات شیر پاؤ

ہر کسی کو بلا تفریق معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، ...

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخواکے سینئر وزیر برائے آپباشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ ہر کسی کوبلا تفریق معیاری تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے پر خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے تاکہ ان تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل غریب اور عام آدمی کا بچہ بھی معیاری تعلیم حاصل کر کے عملی زندگی میں اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکے اور ان اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ اس ضمن میں نہ صرف تعلیمی اداروں میں تدریسی و دیگر عملے کی کمی کو پورا کیا جا رہا ہے بلکہ دیگر تمام ضروریات کا مسئلہ بھی حل کیا جا رہا ہے اور اساتذہ کی ترقیوں کو بھی کارکردگی سے مشروط کیا گیا جس سے سرکاری سکولوں کے معیار میں بہتری آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع چارسدہ کے تعلیمی اداروں میں سیکورٹی صورتحال اور دیگردرپیش مسائل کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد علی عمر زئی،ممبران صوبائی اسمبلی خالد خان مہمند،سلطان محمد خان اور ڈائریکٹر ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیم رفیق خٹک و دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع چارسدہ میں زنانہ و مردانہ سکولوں میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال اور اساتذہ وکمروں کی کمی و دیگر ضروریات کے بارے میں حل طلب تجاویز پر غور وغوض ہوا۔ سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مختلف وجوہات کی بناء پر بندپڑے سکولوں کو جلد ازجلدکھولنے کا بندوبست کیاجائے اور ضلع میں سکولوں کی خستہ حال عمارات کودوبارہ تعمیر کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔سینئر وزیر نے اس موقع پر کہاکہ اس ضمن میں انفراسٹرکچر اور تدریسی عملے کی کمی کو پورا کیاجارہا ہے اور سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ اب ان اساتذہ کی ترقی ہو سکے گی جن کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

مزید : پشاورصفحہ اول