وزیراعلٰی پرویز ختک کی کاغان اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کو پرکشش بنانے کی ہدایت
پشاور (پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کاغان اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کو سیاحوں کیلئے پرکشش بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے علاوہ خزانہ ، لوکل گورنمنٹ، فارسٹ، مواصلات و تعمیرات اور زراعت کے محکموں کے سیکرٹریوں ، کمشنرہزارہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلقہ اُمور و مسائل پر وزیراعلیٰ کو بریفینگ دی گئی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اتھارٹی کو فعال اور با اختیار بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مارچ کے آخر تک ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کرنے کیلئے تمام تر اقدامات و انتظامات کو حتمی شکل دینے کا حکم دیاتاکہ آئندہ سیاحتی سیزن تک سیاحوں کی سہولت کیلئے سیاحتی مقامات کی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے سیاحتی مقامات کی تعمیر و ترقی کویقینی بنارہی ہے انہوں نے کہاکہ گلیات میں حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے ہیں اسی طرح کاغان اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کو باسہولت بنانے کیلئے بھی دستیاب وسائل کا فعال استعمال یقینی بنایا جائے گا وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے صحت افزا مقامات کو سیاحوں کیلئے پرکشش بنانے اور وہاں سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں کیلئے الگ الگ اتھارٹیز تشکیل دی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ دوسرے اداروں کی طرح حکومت ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھی مکمل اختیارات دے رہی ہے تاکہ وہ خوش اسلوبی کے ساتھ ترقیاتی عمل کو جاری رکھ سکیں۔