کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، دردانہ صدیقی

کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، دردانہ صدیقی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے‘ جہاں ایک ارب روپے سے زائد روزانہ کرپشن ہوتی ہو وہاں سے غربت اور ناانصافی کا خاتمہ کیونکر ممکن ہوسکتا ہے،نیب نے بڑے بڑے مگر مچھوں سے مک مکا کیا ہواہے احتساب کے ادارے کرپٹ عناصر کیلئے سہولت کاروں کاکردار ادا کررہے ہیں ، ہرقسم کی کرپشن کے خلاف بے رحمانہ احتساب کرنا ہوگا‘جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک وقت کی اہم ضرورت ہے، عوام اس جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیں تاکہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پریکم مارچ سے ملک گیر اینٹی کرپشن تحریک کے لیے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن صرف قومی خزانے اور اداروں کا مسئلہ نہیں، بلکہ خواتین بھی اس سے براہ راست متاثر ہو تی ہیں‘مائیں بہنیں، بچیاں بھی اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کی سہولتیں شہریوں کو دیناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکمرانوں کو آئین میں اختیارات کی دفعات تویادہیں مگر عوام کے حقوق اور مسائل پر اندھے بہرے اور گونگے بن جاتے ہیں حکمران آئین سے وفاداری کی بجائے بے وفائی اور غداری کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے اژدھے نے وطن عزیز کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے‘ غربت‘ مہنگائی‘ بدامنی اور ناانصافی کی وجہ بھی کرپشن اور کرپٹ نظام ہے جس کے خاتمے کے بغیر مسائل کا حل اور تبدیلی ممکن نہیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ وقت کے تقاضے کے پیش نظرجماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف بھرپور انداز سے ملک بھر میں کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کردیا ہے‘ یہ تحریک پورے ملک میں کرپشن کے خاتمے تک جاری رہے گی اور اسکا اختتام ایک ترقی یافتہ اسلامی اور خوشحال پاکستان پر ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ اس تحریک میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر