بائیو سیفٹی لیبارٹرئی کا قیام صحت کے شعبے میں اہم سنگ میل ہے :شہرام ترکئی

بائیو سیفٹی لیبارٹرئی کا قیام صحت کے شعبے میں اہم سنگ میل ہے :شہرام ترکئی

پشاور( پاکستان نیوز)حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے احاطے میں قائم اسٹیٹ آف دی آرٹ با ئیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام خان تراکئی نے پیر کے روز یہاں تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے جدید طرز کی اس لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔یہ لیبارٹری جرمن حکومت کی مالی معاونت اورٹی بی کنٹرول پروگرام کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے۔یہ سرکاری سطح پر ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی لیبارٹری ہے جو جدید طبی آلات اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ لیبارٹری میں مزاحمتی ٹی بی کے مریضوں کوڈی ایس ٹی،کلیجر اور جین ایکسپرٹ کے ٹیسٹس مفت فراہم ہوں گے۔ اس لیبارٹری سے صوبہ خیبر پختونخواکے علاوہ ملحقہ قبائلی علاقوں کے لاکھوں لوگ مستفید ہوں گے۔افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں شہرام تراکئی نے اس لیبارٹری کے قیام کوصحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ جدید اور بین الاقوامی معیار کی اس لیبارٹری کے قیام سے صوبے میں ٹی بی کے مرض کی بروقت تشخیص اور علاج معالجے میں بہت زیادہ مدد ملے گی اور اس طرح اس موذی مرض میں مبتلا لوگوں کی جانیں بچائی جا سکیں گی۔صوبے کے عوام کوعلاج معالجے کی معیاری سہولیات و خدمات کی فراہمی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہاکہ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے چھ دہائیوں سے جاری صحت کے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اگرچہ صورتحال تسلی بخش نہیں ہے مگر حکومت اس نظام کو بدلنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمدکو ہر صورت یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا مقصد لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ محکمہ صحت کے ملازمین کی بہتری بھی ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ جب تک ملازمین مطمئن نہ ہوں تب تک ان اصلاحاتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے نہیں آئیں گے اور یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی مالی مراعات پر خطیر رقم خرچ ک رہی ہے۔ تقریب سے جرمنی کے مالیاتی ادارے کے ایف ڈبلیو کے ڈائریکٹر گینگ مولرز اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر یوسف جمال ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر پرویزکمال،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے نوقائم شدہ لیبارٹری کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر