دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ،فضل رحیم مروت

دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ،فضل رحیم مروت

چارسدہ (بیورورپورٹ)شہدائے با چا خان یونیورسٹی کے چہلم کے موقع پر شہداء کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے یونیورسٹی میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ پاک فوج کی طرف سے کیپٹن ناصر، خیبر پختون خواہ پولیس کی طرف سے ڈی آئی جی مر دان سعید خان وزیراور وائس چانسلر ڈاکٹر فضل رحیم مروت نے شہداء کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔تفصیلات کے مطابق شہدائے با چا خان یونیورسٹی کے چہلم کے موقع پر شہداء کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے یونیورسٹی میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ پاک فوج کی طرف سے کیپٹن ناصر، خیبر پختون خواہ پولیس کی طرف سے ڈی آئی جی مر دان سعید خان وزیراور وائس چانسلر ڈاکٹر فضل رحیم مروت نے شہداء کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبر پختون خواہ فر خ حامد ، ٹسٹ کرکٹر یونس خان اور اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین بھی موجودتھے ۔ شہدا کے بلند درجات اور ایصال ثواب کیلئے ختم القرآن پاک اور اجتماعی دعا کے بعد میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے وائس چانسلر فضل رحیم مروت نے کہاکہ دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔قلم کی طاقت سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائینگے۔سانحہ کے بعد باچا خان یونیورسٹی کے طلباء اور تدریسی عملے کے حوصلے بلند ہے ۔ انہوں نے پاک فوج کو بھی زبر دست خراج عقید ت پیش کیا اور کہاکہ پاک فوج وطن عزیز کی سرحدوں اور دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہے ۔ پاکستانی قوم حکومتی اقدامات اور پاک فوج کی کاروائیوں کی شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ابھی تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی اس لئے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ ۔ یونیورسٹی کے بلاکس کو شہداء کے نام سے منسوب کرینگے ۔ اس موقع پر کرکٹر یونس خان نے میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ طلباء بلا خوف اپنا تعلیم جاری رکھیں تاکہ ملک کا مستقبل مضبوط اور مستحکم ہو سکے۔ اس موقع پر یونس خان نے اپنے شرٹس شہداء کے نام سے منسوب کرکے طلباء میں تقسیم کر دئیے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر