وہ وقت جب بدتمیزی کرنے پر خاتون نے شاہ رخ خان کو تھپڑ دے مارا

وہ وقت جب بدتمیزی کرنے پر خاتون نے شاہ رخ خان کو تھپڑ دے مارا
وہ وقت جب بدتمیزی کرنے پر خاتون نے شاہ رخ خان کو تھپڑ دے مارا

  

ممبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے سپر سٹارز کی طرف سے اپنے مداحوں کیساتھ ہونیوالی ناخوشگوار حرکتوں، الجھ پڑنے کی خبریں تو میڈیا کی زینت بنتی ہی رہتی ہیں اور بعض اوقات تو معاملہ اس قدر بگڑ جاتا ہے کہ سپر سٹار مداحوں کو تھپڑ بھی جڑ دیتے ہیں لیکن بالی ووڈ کے کنگ خان نے اپنی نئی فلم ’فین‘ کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر اپنے مداحوں کے ساتھ ایک نشست میں ایسا حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ اس پر کنگ خان کے مداح بھی دنگ  رہ گئے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کنگ خان کی نئی آنیوالی فلم ’فین ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کرنے کے سلسلے میں منعقد تقریب میں شاہ رخ خان سے ایک مداح نے سوال کیا کہ جب وہ پہلی دفعہ ممبئی آئے تھے تو انہوں نے ٹرین کے ذریعے سفر کیا تھا یا ہوائی جہاز سے ممبئی آئے تھے۔اس پر انہوں نے ایسا حیران کن جواب دیا کہ سن کر آپ کے لئے بھی یقین کرنا مشکل ہو گا۔ شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلی دفعہ ممبئی آئے تو انہوں نے نہ صرف ٹرین کا استعمال کیابلکہ ممبئی میں ان کا ’سواگت‘ ایک خاتون  نےتھپڑ  مارنے سے کیا ۔ جی ہاں! شاہ رخ خان نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے  کہا کہ میں پہلی دفعہ بذریعہ ٹرین ممبئی آ رہا تھا اور مجھے اس بات کا علم تھا کہ ممبئی میں داخل ہوتے ہی یہ ٹرین ممبئی کی لوکل ٹرین کی شکل اختیار کر لے گی۔ اس بات کے پیش نظر میں نے اپنی برتھ پر کسی بھی شخص کو بیٹھنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ میں نے اس کا ٹکٹ لے رکھا تھا۔ میں نے ایک خاتون کو اپنی برتھ پر بیٹھنے کی مشروط اجازت دی کہ وہ میری برتھ استعمال کر سکتی ہے لیکن اس کے ہمراہ مرد حضرات کو میں اس پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دوں گا۔میری اس پیشکش پر خاتون نے مجھے یہ کہتے ہوئے زور دارتھپڑ رسید کر دیا کہ یہ برتھ میری( کنگ خان) کی ملکیت نہیں ہے بلکہ یہ ٹرین میں سفر کرنے والے سب مسافروں کی پراپرٹی ہے۔ خاتون کی جانب سے ایسا غیر متوقع رد عمل دیکھ کر میں حواس باختہ ہو کر اس کا منہ ہی تکتا رہ گیا تھا۔

مزید : تفریح