وہاڑی ، شیخوپورہ: ٹریفک حادثات میں 15 افراد جاں بحق ، 120 زخمی

وہاڑی ، شیخوپورہ: ٹریفک حادثات میں 15 افراد جاں بحق ، 120 زخمی
وہاڑی ، شیخوپورہ: ٹریفک حادثات میں 15 افراد جاں بحق ، 120 زخمی

  

وہاڑی، شیخوپورہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وہاڑی میں اڈا غلام حسین کے قریب اور شیخوپورہ میں کالا شاہ کاکو انٹر چینج پر خوفناک ٹریفک حادثات میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 120 زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولنگر سے ملتان جانے والی مسافر بس ٹبہ سلطان پور کے قریب اڈا غلام حسین پر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، تصادم کے نتیجے میں بس الٹ گئی جس کی وجہ سے بس میں موجود مسافروں کو سخت چوٹیں آئیں ۔ ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی، گڑھا موڑ ہسپتال اور ملتان کے نشتر ہسپتال منتقل کردیا۔ ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 11 افراد ہسپتال میں طبی امداد کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 20 افراد زخمی ہیں جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔ تصادم کے بعد آئل ٹینکر سے نکلنے والا تیل سڑک پر دور دور تک پھیل گیا ہے جس کی وجہ سے آگ لگنے کا اندیشہ ہے۔

قبل ازیں شیخوپورہ میں دھند کے باعث یکے بعد دیگرے لاہور سے اسلام آباد موٹروے پر کالا شاہ کاکو انٹرچینج کے قریب 50 سے زائد گاڑیاں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں ایک کار میں موجود 2 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔تیز رفتار ی سے ٹکرانے کے باعث متعدد گاڑیاں پچک گئی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں میں موجودزخمی اندر ہی پھنس کر رہ گئے ہیں اور انہیں گاڑیاں کاٹ کر نکالا جارہا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ موٹروے پولیس کی گاڑیوں کیلئے بنائے گئے کٹ کی وجہ سے پیش آیا ہے، ایک منی ٹرک نے کٹ سے مڑنے کی کوشش کی تو پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار بس اس سے ٹکراگئی جس کے بعد یکے بعد دیگرے 45 بسیں اور متعدد کاریں آپس میں ٹکراگئیں ۔ حادثے میں زخمی افراد کو شیخوپورہ اور کالا شاہ کاکو کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے جبکہ شدید زخمیوں کو لاہور کے ہسپتالوں میں بھیجا جارہا ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں