وہ پاکستانی جس کی ایک دن کی تنخواہ 3 لاکھ روپے سے زیادہ ہے، جانئے پاکستان میں سب سے زیادہ تنخواہ لینے والی شخصیات کے بارے میں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں جہاں کروڑوں لوگ چند ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں وہیں کچھ ”ملازم“ ایسے بھی ہیں جو 3لاکھ روپے ”روزانہ“ سے زائد تنخواہ لے رہے ہیں۔ اس فہرست میں سرفہرست یونائیٹڈ بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وجاہت حسین ہیں۔ انہوں نے 2015ءمیں تنخواہ و بونس کی مد میں 12کروڑ 73لاکھ روپے وصول کیے، یعنی ان کی ایک دن کی کمائی تین لاکھ روپے سے بھی زائد رہی۔ دوسرے نمبر پرایم سی بی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران مقبول ہیں جنہوں نے 8کروڑ 47لاکھ روپے تنخواہ لی جو گزشتہ سال کی نسبت 14.9فیصد زیادہ تھی۔ اس کے برعکس گزشتہ سال ایم سی بی بینک کے شیئرز کی قیمت ریکارڈ 29فیصد کمی واقع ہوئی۔ تیسرے نمبر پر ایچ بی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نعمان ڈار ہیں جنہوں نے 2015ءمیں 7کروڑ 51لاکھ روپے تنخواہ و بونس کی صورت میں لیے۔ دوسری طرف اسی سال کے دوران ایچ بی ایل کے حصص کی قیمت میں 7.4فیصد کمی واقع ہوئی۔
مزید جانئے: فیس بک میں ملازمت کے خواہشمندوں سے پوچھا جانے والا کمپنی کا پسندیدہ سوال جسے جان کر آپ بھی سوچنے پر مجبورہوجائیں گے
انگریزی اخبار ”ایکسپریس ٹریبون“ کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں چوتھے نمبر پر نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سید احمد اقبال اشرف ہیں جنہوں نے گزشتہ سال تنخواہوں اور بونس کی مد میں 7کروڑ 10لاکھ روپے روپے وصول کیے۔ اقبال اشرف نے جو تنخواہ وصول کی وہ 2014ءمیں اس عہدے کی تنخواہ سے 23.9فیصد زیادہ تھی۔ فہرست میں پانچواں نمبر الائیڈ بینک کے چیف ایگزیکٹو طارق محمود کا ہے، جنہوں نے 2015ءمیں 4کروڑ 63لاکھ روپے تنخواہ وصول کی، جو 2014ءکی نسبت 7فیصد زیادہ تھی۔ طارق محمود نے 2015ءمیں ملک کے دیگر 4بینکوں میں تعینات اپنے ہم منصبوں میں سب سے کم تنخواہ لی۔گزشتہ سال کی نسبت 2015ءمیں الائیڈ بینک کے حصص کی قیمت میں 17فیصد کمی ہوئی جبکہ اس کے خالص منافع میں 0.7فیصد اضافہ ہوا۔