ہائی کورٹ :نیب کی اپیل مسترد ،لیگی ایم این اے رانا نذیر کی جائیداد کے انتقال پر پابندی ختم

Mar 01, 2016 | 08:41 PM

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے ایم این اے رانا نذیر کی ناجائز اثاثہ جات کیس سے بریت کے خلاف نیب کی اپیل مسترد کر دی،جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے رکن قومی اسمبلی کی جائیداد کے انتقال پر عائد پابندی بھی غیرقانونی قرار دے کر ختم کر دی ہے ۔نیب کے سینئر پراسکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نیب نے ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے بعد احتساب عدالت میں ایم این اے رانا نذیر کے خلاف ریفرنس دائر کیا ، تفتیش کے دوران رانا نذیر احمد یہ ثابت نہیں کر سکے کہ ،بیوی کے 60 تولہ زیورات، درجنوں پلاٹ اور زرعی اراضی کی خریداری کے لئے رقم کہاں سے آئی تاہم احتساب عدالت نے ثبوت نظرانداز کرتے ہوئے رانا نذیر کو بری کر دیا، ایم این اے کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اگر کوئی ثبوت حقیقی ہوتا تو عدالت رانا نذیر کو مجرم قرار دیتی،رانا نذیر کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ریفرنس دائر کیا گیا، نیب کے حکم پرمحکمہ مال نے رانا نذیر کی اراضی کی منتقلی پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے، فاضل بنچ نے دلائل سننے کے بعدرانا نذیر کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل مسترد کر دی، عدالت نے مختصر حکم سناتے ہوئے ایم این اے کی جائیداد کی منتقلی پر عائد پابندی بھی غیرقانونی قرار دے کر ختم کر دی ۔

مزیدخبریں