روس اور امریکہ نے ہاتھ ملالئے، ایسا معاہدہ کر لیا کہ پوری دنیا میں کوئی سوچ نہ سکتا تھاکہ ایسا بھی ہوسکتا ہے
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا اور اس کے اتحادی گزشتہ ڈیڑھ سال سے شامی صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے درپے تھے، جبکہ چند ماہ قبل روس بشار الاسد کو بچانے کے لئے میدان میں آ گیا۔ دونوں ممالک بظاہر داعش کے خلاف کاروائی کے نام پر اپنی اپنی جنگ لڑ رہے تھے، جس کی وجہ سے باہمی تنازعہ شدید سے شدید تر ہو چکا تھا۔ اب حیرت انگیز طور پر اس صورتحال میں ایک بہت بڑی تبدیلی آ گئی ہے اور یک لخت امریکا اور روس نے اختلافات ایک طرف رکھ کر اپنا رخ واقعی داعش کی طرف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکا کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ روس نے اس بات پر رضامندی ظاہر کردی ہے کہ دونوں ممالک مل کر داعش کے خلاف مشترکہ کارروائی کریں گے۔ اخبار ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد بتایا کہ روس نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئندہ شام میں صرف انہیں اہداف پر بمباری کی جائے گی کہ جن کا تعلق داعش یا النصرہ فرنٹ سے ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکا روس پر الزام عائد کرتارہا ہے کہ اس کی فضائی کارروائیوں کا نشانہ صدر بشارالاسد کے خلاف لڑنے والے معتدل باغی بن رہے تھے۔ امریکی حکام کے مطابق اب روس نے یقین دہانی کروادی ہے کہ صرف اور صرف داعش اور النصرہ فرنٹ کے خلاف متحدہ کارروائی کی جائے گی، تاکہ شام کی سرزمین سے ان کے وجود کو مٹادیا جائے۔