دہلی میں فسادات کیوں ہوئے؟کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سیدفخر امام نے مودی کی سازش کا پردہ فاش کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ دو قومی نظریے کے تحت آج ہمارا ملک خود مختار ہے،نریندر مودی کا بھارت کشمیر میں غیر مسلموں خصوصا ہندوؤں کی آباد کاری چاہتا ہے،دہلی کے الیکشن کے نتائج بھی بھارتی حکومت ہضم نہیں کر سکی اور ان کے غنڈوں نے وہاں انارکی پھیلا دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا کہ بھارت پاکستان کو خودمختار ملک دیکھنا پسند نہیں کرتا لیکن دو قومی نظریے کے تحت آج ہمارا ملک خود مختار ہے،بھارت کی خواہش ہے کہ غیر کشمیری ہندو مقبوضہ کشمیر میں جا کر جائیدادیں خریدیں،بھارت کشمیر میں غیر مسلموں خصوصا ہندوؤں کی آباد کاری چاہتا ہے،بھارت کے 200اضلاع میں تحریکیں چل رہی ہیں،بھارت کیلئے شہریت قانون پر بہت بڑا چیلنج کھڑا ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوحا میں ہونے والے امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کو پاکستان نے سراہا ہے،ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں مکمل امن ہو ،افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو آج دنیا سراہنے پر مجبور ہے۔سید فخر امام نے کہا کہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں سائنس اور ٹیکنالوجی پر توجہ دینا ہوگی،جدید دور میں حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں خودکو مضبوط کرنا ہو گا ۔