آصف زرداری اورفوادچودھری نااہلی کیسز ، اسلام آبادہائیکورٹ نے سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کرلی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری اورفوادچودھری نااہلی کیسز میں سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کرلی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ پارلیمنٹ کا کام تھا کہ ایسے معاملات عدالتوں میں نہ آئیں،ایسے سیاسی کیس عدالت آنے سے نقصان عدلیہ کا ہوتا ہے،عدالت نے کہاکہ جس پارٹی کے خلاف فیصلہ آئے وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلاتی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف نااہلی کیسز کی سماعت ہوئی، عدالت نے استفسارکیاکہ کیا پارلیمنٹ میں ایسے کیسز حل کرنے کا کوئی فورم موجود نہیں؟ اگر فورم موجود نہیں تو کیا اس پر کوئی قائمہ کمیٹی بنائی جاسکتی ہے؟
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ پارلیمنٹ کا کام تھا کہ ایسے معاملات عدالتوں میں نہ آئیں،ایسے سیاسی کیس عدالت آنے سے نقصان عدلیہ کا ہوتا ہے،عدالت نے کہاکہ جس پارٹی کے خلاف فیصلہ آئے وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلاتی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہاکہ ایک وزیرکو ہم نے نااہل قراردیا،وہ سپریم کورٹ سے بحال ہوگئے،اس دوران ان کے حلقے کے عوام اسمبلی میں نمائندگی سے محروم رہے، سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کے کیس الیکشن کمیشن کو بھی بھجوائے،یہ پارلیمنٹ کا کام ہے کہ اس طرح کے معاملات عدالتوں پر نہ چھوڑے ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ سپیکرقومی اسمبلی،چیئرمین سینیٹ سے پوچھ لیتے ہیں ان کاطریقہ احتساب کیاہے،پارلیمنٹ خود منتخب نمائندوں کے احتساب کا نظام بنالے تو معاملہ حل ہوسکتا ہے۔
عدالت نے کہاکہ یہ نہیں ہو سکتا کوئی بھی درخواست لائے اورعدالت منتخب نمائندے کی تفتیش شروع کر دے، چیف جسٹس اسلام آباد نے سپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کرلی، عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اپریل کو عدالتی معاونت کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ آصف زرداری کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار اور خرم شیرزمان نے جبکہ فواد چودھری کی نااہلی کےلئے نجی ٹی وی اینکر نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔