’ شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ میں 44 سال کا ہوں، کرکٹ انفو کے مطابق وہ 41 سال کے ہیں اور۔۔۔‘ شاہد آفریدی کی سالگرہ پر ان کی عمر کا ’رولا‘ پڑ گیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد خان آفریدی نے گزشتہ روز سالگرہ منائی تاہم اس موقع پر ان کی عمر کا ہی ’رولا‘ پڑ گیا اور تین مختلف جگہوں پر مختلف عمر کی وجہ سے ان کے مداح بھی تذبذب کا شکار ہیں کہ آخر وہ کتنے سال کے ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سالگرہ کے موقع پر پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آج 44 سال کا ہو گیا ہوں۔ انہوں نے لکھا ’ سالگرہ کے موقع پر پیار بھرے پیغامات کا بہت بہت شکریہ۔ آج 44 سال کا ہو گیا ہوں! میرے اہل خانہ اور مداح میرا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ ملتان سلطانز کیساتھ اپنے وقت سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں اور مداحوں کیلئے میچ وننگ کارکردگی دکھانے کیلئے پرامید ہوں۔‘
Thank you very much for all the lovely birthday wishes - 44 today! My family and my fans are my biggest assets. Really enjoying my stint with Multan and hope to produce match winning performances for all MS fans.
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) February 28, 2021
معروف کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ پر سے منسلک دانیال رسول نے بھی شاہد خان آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی تاہم اس موقع پر انہوں نے دلچسپ نقطہ بھی اٹھایا جو ٹوئٹر پر خاصہ زیر بحث ہے۔انہوں نے لکھا ’ شاہد خان آفریدی کو جنم دن کی بہت بہت مبارکباد۔ ہمارے پاس کرک انفو پر ان کی عمر 41 سال درج ہے لیکن ان کی بائیو گرافی کہتی ہے کہ وہ 46 سال کے ہیں اور اب ہمارے پاس 44 کا ہندسہ بھی موجود ہے۔‘
Happy birthday to Shahid Afridi. We have his age @ESPNcricinfo as 41, his autobiography says 46, and now we have 44! https://t.co/azhagfWkSX
— Danyal Rasool (@Danny61000) February 28, 2021