’بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد سے مسئلہ نہیں لیکن۔۔۔‘ چیئرمین پی سی بی نے دوٹوک اعلان کر دیا

’بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد سے مسئلہ نہیں لیکن۔۔۔‘ چیئرمین پی سی بی نے ...
’بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد سے مسئلہ نہیں لیکن۔۔۔‘ چیئرمین پی سی بی نے دوٹوک اعلان کر دیا
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ سے مسئلہ نہیں لہٰذا ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی چاہیے اور اس حوالے سے جتنی جلدی صورتحال واضح ہو جائے بہتر ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں احسان مانی نے کہا کہ ہم رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ بھارت میں ہونے کی مخالفت نہیں کر رہے، البتہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کرکٹرز، معاون سٹاف اور صحافیوں کیلئے ویزوں اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم کو2109ءمیں آئی سی سی کوالیفائرز میں شرکت کیلئے بھارت جانا تھا جس پر بی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کو لکھا ہے مگر جواب موصول نہیں ہورہا،مہینوں انتظار کے بعد بالآخر بتایا گیا کہ اب بہت دیر ہو چکی، یوں پاکستان ٹیم میچ نہ کھیل پائی اور پوائنٹس برابر تقسیم ہوئے،ہم نہیں چاہتے کہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا ہو، یہ عالمی کرکٹ کیلئے بھی بہتر نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ویزوں کی یقین دہانی 31دسمبر تک موصول ہونا تھی، جنوری میں بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی کے بیمار ہونے پر مزید وقت مانگا لیکن اب سٹیک ہولڈرز اور میڈیا اس بابت مجھ سے پوچھ رہا ہے، اور معاملہ ایک بار پھر آئی سی سی کے سامنے اٹھایا ہے، جتنی جلد صورتحال واضح ہوجائے بہتر ہوگا تاکہ معاملات طے ہونے کی ڈیڈلائن نہ گزر جائے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں میگا ایونٹ کروانے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے تاہم بھارت سمیت کسی کے ساتھ بھی باہمی سیریز کسی نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلیں گے، ایشیاءکپ جیسا کوئی ایونٹ ہوا تو اس کی یواے ای میں میزبانی کا فیصلہ ممبران کی مشاورت سے ہوگا۔

مزید :

کھیل -