خاتون اول بشریٰ عمران کا مزار داتا گنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ کا دورہ ، بڑا اعلان کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خاتون اول بشریٰ عمران کامزارحضرت داتا گنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ کا دورہ اور سہولتوں کا جائزہ ،کھانا کھا کر کھانے کا معیار بھی چیک کیا،خاتون اول کا کہناتھا کہ پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اول بشریٰ عمران نے لاہور میں مزار حضرت داتا گنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا ،اس موقع پرفرح خان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔خاتون اول بشریٰ عمران نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے کھانے کے معیار اور رہائشی سہولتوں کے بارے دریافت کیا اور کھانا کھا کر کھانے کا معیار بھی چیک کیا،اس موقع پر پناہ گاہ میں مقیم افراد کی کھانے کے معیار کی تعریف کی ۔خاتون اول نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے اُنکے مسائل بھی پوچھے اور انہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،لوگوں نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر خاتون اول بشریٰ عمران کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خاتون اول نے پناہ گاہ میں قیام و طعام کیلئے انتظامات اور سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے،پناہ گاہوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں،ہماری حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے۔
خاتون اول بشریٰ عمران کا کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے،اللہ تعالیٰ نے بھی صلہ رحمی کا حکم دیا ہے،پناہ گاہو ں میں مقیم لوگوں کا خصوصی خیال رکھنا ذمہ داری بھی ہے، فرض بھی اور نیکی بھی،انسانیت کی خدمت سے خالق بھی راضی ہوتا ہے اور مخلوق بھی۔اس موقع پر پناہ گاہ میں مقیم افراد کو خاتون اول سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول ہے،پناہ گاہیں بنانا آپ کی حکومت کا مثالی اقدام ہے،پہلے فٹ پاتھ پر رات گزارنی پڑتی تھی، اب یہاں سکون سے سوتے ہیں اور کھانا بھی ملتا ہے۔