کوئٹہ: سریاب روڈ دھماکے میں دو افراد ہلاک، متعدد زخمی
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سریاب روڈ پر گرڈسٹیشن کے قریب دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور دس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ایس پی سریاب کے مطابق دھماکا سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے کیا گیا جس کی وجہ سے سیکیورٹی ادارے کی ایک گاڑی اور چار رکشوں میں آگ لگ گئی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیارہ افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ ذرائع کے مطابق حملے میں ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کچھ سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو ئے ہیں جنہیں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے۔