سندھ اور بلوچستان میں انتخابی امیدواروں کے قافلوں پر حملے ، دو افرادزخمی ،دو مشکوک افراد گرفتار
شکارپور ،ڈیرہ مراد جمالی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اور بلوچستان میں انتخابی امیدواروں کے قافلوں پر بم حملوں میں دو افرادزخمی ہوگئے جبکہ نیشنل پیپلزپارٹی کے امیدوار کے محافظوں نے دو مشتبہ افراد کو زخمی حالت میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔مقامی میڈیا کے مطابق شکار پورمیں خان پور ٹول پلازہ کے قریب نیشنل پیپلزپارٹی کے امیدوار کے قافلے پر خود کش حملے میں دو افرادزخمی ہوگئے تاہم ڈاکٹر ابراہیم جتوئی حملے میں محفوظ رہے جبکہ اُن کے محافظوں نے دو مشکوک افراد کوزخمی حالت میں حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق خان پور ٹول پلازہ کے قریب خود کش حملہ آور نے اپنے آپ کوقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 202سے نیشنل پیپلزپارٹی کے امیدوار ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی کی گاڑی سے ٹکرادیاجس کے نتیجے میں دوافرادزخمی اور گاڑی تباہ ہوگئی ۔ حکام کے مطابق خود کش حملہ آور کے اعضاءمل گئے ہیں ۔پولیس کے مطابق حملہ آور نے دو خود کش جیکٹ پہن رکھے تھے جن میں مجموعی طورپر 15کلوگرام بارودی مواد استعمال کیاگیا۔ابراہیم جتوئی نے بتایاکہ وہ اور کارکنان خیریت سے ہیں ، جیسے ہی گاڑی ٹول پلازہ پر پہنچی تو موٹرسائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے خود کوگاڑی سے ٹکرادیا ،گارڈز نے دو مشکوک افراد کو زخمی حالت میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔دھماکے کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریش شروع کردیا۔اُدھر ڈیرہ مرادجمالی میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 29سے آزاد امیدوار میر عبداللہ دینو سدھانی کے قافلے کو بم دھماکے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق کچی پل کے قریب کھڑی کار میں بارودی مواد نصب کیاگیاتھا۔