پولیس ہمارے گھروں پر گرفتاریوں کیلئے چھاپے مار رہی ہے ‘سیدہ آسیہ اندرابی
سرینگر(آئی این پی)دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ پولیس ان کو اور انکی تنظیم کے دیگر ذمہ داران کو گرفتار کرنے کے لیے دن رات چھاپے ماررہی ہے ۔منگل کی رات ان کے گھر پر چھاپہ ماراگیا پولیس فورس کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس کی ایک بڑی تعداد موجودتھی ۔دختران ملت کی ترجمان کے مطابق صورہ سرینگر میں تنظیم کی سربراہ آسیہ اندرابی کے گھر پر چھاپے سے ایک ہفتہ قبل ہی وہ روپوش ہوگئیں تھیں ۔انہیں اس بات کا اندازہ ہوگیا تھا کہ حکومت ہند کبھی نہیں چاہے گی کہ انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے لیے کوئی بھی رہنما سامنے آئے ۔ترجمان کے مطابق آسیہ اندرابی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کی طر ف سے جنگی پیمانوں پر گرفتاریوں کا سلسلہ روا رکھنے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ دراصل کشمیر میں جمہوری انتخابات نہیں ہورہے بلکہ ایک فوجی آپریشن منعقد کیا جارہے ہے اور اس کے خلاف اٹھنے والی ہر آزادی پسند آواز کو طاقت کے بل پر دبادیا جارہاہے ۔انہو ںنے کہا کہ وادی کشمیر کے طول وعرض میں نوجوان،بچوں،بوڑھوں اور خواتین کو جیلوں اور تھانوں میں قید کردیا گیا ہے او ردنیا کے سامنے یہ باور کرایا جارہا ہے کہ انتخابات ایک جمہوری عمل کے تحت کرائے جارہے ہیں ۔سید آسیہ اندرابی نے ایک بار پھر سنٹر ل کشمیر کے ہر جوان ،مرد و زن سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ہرقیمت پر اس الیکشن ڈرامے کا بائیکاٹ کریں اور اپنے ایمان اور شہداءکے پاک لہو کی عظمت کی حفاظت کریں ۔