نیٹو ممالک اپنی سرزمین کی خود حفاظت کریں گے ،جان کیری

نیٹو ممالک اپنی سرزمین کی خود حفاظت کریں گے ،جان کیری

                                          واشنگٹن (این این آئی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو ممالک کی سرزمین ناقابل تسخیر ہے ¾ اتحادی افواج اس کے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گی۔ واشنگٹن کے ایک تھنک ٹینک میں خطاب کرتے ہوئے جان کیری نے روس پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرقی اور وسطی یورپ میں سکیورٹی کا موجودہ نظم تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک کو روس پر واضح کرنا ہوگا کہ ان کی سرزمین ناقابل تسخیر ہے اور وہ اپنے ایک، ایک انچ کا دفاع کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے یوکرین میں پیش آنے والے واقعات کو 'نیٹو' کے رکن ملکوں کےلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک ثابت قدمی سے یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں پر مشتمل 28-رکنی دفاعی اتحاد نیٹو کی قیادت واضح کرچکی ہے کہ اس کا یوکرین میں جاری بحران میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں جو نیٹو کا رکن نہیں تاہم نیٹو قیادت یوکرین میں روس کی مداخلت پر سخت بیانات جاری کرتی رہی ہے اور گزشتہ ہفتے ہی اتحادی ممالک نے نیٹو کے رکن مشرقی یورپی ملکوں کو روس کے خلاف اپنی حمایت کا یقین دلانے کےلئے خطے میں مزید بحری جہاز ¾ جنگی طیارے اور فوجی دستے روانہ کرنے کا اعلان کیا ۔

مزید : عالمی منظر