مصر جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت دے ۔امریکا

مصر جمہوریت پسند ہونے کا ثبوت دے ۔امریکا

                                                  واشنگٹن (آن لائن)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے مصر کی مسلح افواج کی نگرانی میں قائم عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عرب دنیا کے سب سے بڑے ملک میں جمہوریت لانے کے لیے اپنے سنجیدہ ہونے کا ثبوت دے۔انھوں نے یہ مطالبہ مصری وزیرخارجہ نبیل فہمی سے واشنگٹن میں ایک ملاقات میں کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ عدالتی عمل کے ذریعے پریشان کن فیصلے کیے جارہے ہیں۔ان کا اشارہ حال ہی میں مصری عدالتوں کی طرف سے برطرف صدر ڈاکٹر محمد مرسی کے حامی اخوان المسلمون کے سینکڑوں کارکنان کو سنائی گئی موت کی سزاو¿ں کی جانب تھا۔جان کیری نے کہا کہ مصر واضح طور پر تبدیلی کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہا ہے۔ہم عبوری حکومت کی کامیابی چاہتے ہیں۔ہم تمام دھڑوں کی شمولیت پر مشتمل سیاسی عمل اور آئین پر عمل درآمد چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگ سیاسی طور پر ایک میز پر اکٹھے ہوں اور جمہوری بنیاد وسیع ترہو۔جان کیری نے اپنے مصری ہم منصب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتی فیصلوں سے پیدا ہونے والے سنجیدہ چیلنجز پر دوٹوک انداز میں بات کریں گے تاکہ مصر میں جمہوریت کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے اور مصر دوبارہ دنیا کے منظرنامے پر ابھر کر سامنے آئے۔جان کیری کا کہنا تھا کہ ہم مصر میں بہت سے امور کے رونما ہونے کے منتظر ہیں جس سے لوگوں میں کچھ اعتماد پیدا ہوگا۔یہ الفاظ نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں جن کے نتیجے میں فرق واضح ہوتا ہے۔امریکی وزیرخارجہ کے ان سخت کلمات کے جواب میں نبیل فہمی کا کہنا تھا کہ مصر کی عدالتیں آزاد ہیں اور حکومت عدالتی عمل میں مداخلت نہیں کرسکتی ہے۔تاہم انھوں نے پیشین گوئی کہ جب یہ عمل مکمل ہوجائے گا تو پھر ہم ان میں سے ہر کیس کے بارے میں مناسب فیصلے کریں گے۔

مزید : عالمی منظر