روپے کی قدر میں اضافہ سے مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا :چیئرمین اپٹما پنجاب

روپے کی قدر میں اضافہ سے مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا :چیئرمین اپٹما ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) حکومت کی اقتصادی پالیسیوں سے نجی شعبہ خوش ہے جبکہ ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی قدر میں ہونے والے اضافہ سے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ حکومت نے روپے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے جبکہ اقتصادی منیجروں نے ثابت کیا ہے کہ بہتر حکمت عملی اور اقدامات سے اقتصادی مسائل کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈالر کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ملکی معیشت کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے جبکہ قیمتوں میں کمی کے باعث اس پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کو ایک سو روپے کے ارد گرد رکھنے کی حکمت عملی کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ذریعے یورپی ممالک سے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کو یقینی بنایا ہے جس کے نتیجہ میں جنوری سے لیکر ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے چینی سرمایہ کار پاکستان میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ایک چینی کمپنی نے پاکستان مےں ٹیکسٹائل گروپ میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی صنعت کار بھی اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے سرمایہ کاری کررہے ہیں جبکہ توانائی بحران اور روپے کی قدر میں کمی کے نتیجہ میں وہ بھاری نقصانات بھی برداشت کرچکے ہیں ۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت اس وقت ترقی کرسکتی ہے جب سرمایہ کاروں کو اپنی حکومت اور اس کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے توانائی بحران کے خاتمہ اور امن وا مان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنی کی ضرورت ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور لوگوں کے معیار زندگی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

مزید :

کامرس -