فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا مقصد قیمتوں میں اضافہ کرنا ہے،کوکب اقبال

فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا مقصد قیمتوں میں اضافہ کرنا ہے،کوکب اقبال

کراچی (اکنامک رپورٹر) فلور ملز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا اصل مقصد کراچی میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرکے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ہے، بمپر فصل ہونے کے باوجود صارفین مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، اگر صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب ڈیر فلور ملز ایسوسی ایشن کی ناجائز ہڑتال ختم نہیں کراسکتے تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں، آٹا صارفین کی روز مرہ زندگی کے استعمال اور خوراک میں سرفہرست ہے، ناجائز منافع خوروں کیخلاف انتظامیہ سخت ترین کارروائی کرے، یہ بات پاکستان کنزیومر فیڈریشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے اپنے دفتر میں آٹے کے بحران پر ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر راشد عالم جنرل سیکریٹری PCF، ممبران گورننگ باڈی عمر غوری، ایئر کموڈور (ر) انعام اللہ، ہما بخاری، عارف انصاری بھی موجود تھے۔

، کوکب اقبال نے کہا کہ فلور ملوں کی ہڑتال کی وجہ سے 10 کلو آٹے کی قیمت میں صرف 6 دن میں 20 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ چکی آٹا بھی 2 روپے فی کلو مہنگا کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمے خوراک کی نااہلی کی وہ سے صارفین سندھ میں گندم کی بمپر فصل ہونے کے باوجود کراچی کے صارفین مہنگے داموں آٹا خریدے پر مجبور ہیں، کوکب اقبال نے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی سے مطالبہ کیا کہ مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاﺅن کریں۔ کوکب اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ وزارت خوراک میں ہونے والی دھاندلیوں کی تحقیقات کرائیں اور جو بھی افسر اس کا ذمہ دار ہو اس کے خلاف فوری کارروائی کریں، انھوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ کے افسران نے جان بوجھ کر کراچی آنے والی گندم کی ترسیل مختلف حربے استعمال کرکے روکی تاکہ فلور ملوں کے ساتھ مل کر صارفین کو مہنگے داموں آٹا فروخت کیا جاسکے، کوکب اقبال نے کہا کہ جمہوری دور میں بمپر فصل ہونے کے باوجود آٹے کا بحران صارفین کے ساتھ ناانصافی ہے اور یہ سب کچھ اس لئے ہورہا ہے کہ ابھی تک ہمارے بار بار مطالبے کے باوجود سندھ میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ نافذ نہیں کیا گیا اور نہ ہی کنزیومر کورٹس کیلئے کوئی پیش رفت ہوسکی ہے۔ کوکب اقبال نے فلور ملز ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ فوری طور پر صارفین کے مفاد میں ہڑتال ختم کردیں، ان کے جائز مطالبات کیلئے پاکستان کنزیومر فیڈریشن حکومت سے بات کرکے مسئلہ کرائے گی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں ملک اچھی معیشت کی طرف گامزن ہے۔ ڈالر، آلو اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ذاتی دلچسپی لے کر صارفین کیلئے بہتر اقدامات کررہے ہیں۔ایسے صارفین کو کسی بھی غذائی بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

مزید : کامرس