ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان مینز ٹیم کو مسلسل چوتھی شکست
ٹوکیو (سپورٹس ڈیسک) ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان کی مینز ٹیم کو مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فن لینڈ نے پاکستان کو 3-0 سے شکست دی۔ جاپان میں جاری میگا ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے تھری ڈویژن کے گروپ ایل میں پاکستان کا مقابلہ فن لینڈ سے تھا۔ فن لینڈ کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو با آسانی 3-0 سیٹس سے ہرایا۔ پہلے سنگل مقابلے میں فن لینڈ کے کھلاڑی بینڈک نے پاکستان کے فریال منہاس کو زیر کیا، دوسرے سنگل مقابلے میں فن لینڈ کے کھلاڑی روپ کنٹولا نے پاکستان کے عاصم قریشی کو شکست دی، تیسرے سنگل مقابلے میں فن لینڈ کے سیمولی نے پاکستان کے سلیم عباس کو زیر کیا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات، سوئٹزرلینڈ اور قبرص کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔