دبئی میں راک بینڈ کے ڈرمر کو ایک ماہ قیدکی سزا

دبئی میں راک بینڈ کے ڈرمر کو ایک ماہ قیدکی سزا

دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں میڈیا کے مطابق جرمنی کے راک بینڈ سکورپیئنز کے ڈرمر کو ایک ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔میڈیا کے مطابق سکورپیئنز بینڈ کے ڈرمر جیمز کوٹیک جو ایک امریکی شہری ہیں کو ایک ماہ قید مذہب کی توہین، نازیبا اشارے اور شراب کے نشے میں ہونے کے جرم میں دی گئی ہے۔کوٹیک نے شراب کے نشے میں ہونے کو تسلیم کیا ہے تاہم باقی الزامات کی تردید کی ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ تین اپریل کو دبئی ایئرپورٹ پر اس وقت پیش آیا جب یہ بینڈ ایک کنسرٹ کے حوالے سے بحرین جا رہے تھے۔دبئی کے نیشنل اخبار کے مطابق ٹرانزٹ ہال میں شور شرابا کرنے پر کوٹیک کو گرفتار کیا گیا۔عدالت کو بتایا گیا کہ حراست میں لیے جانے پر کوٹیک نے گالم گلوچ کی اور ’غیر تعلیم یافتہ مسلمانوں‘ کے حوالے سے بات کی اور پھر نازیبا اشارہ کیا۔عینی شاہدین نے عدالت کو بتایا کہ کوٹیک نے چلایا کہ وہ کبھی بھی پاکستانی اور افغان مسافروں کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔

غیر ملکی اخبار کے مطابق ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کوٹیک نے عدالت کو بتایا ’میں نے مسلمانوں یا اسلام کی توہین نہیں کی۔ میں ایسا کبھی بھی نہیں کر سکتا حتیٰ کہ نشے کی حالت میں بھی نہیں۔تاہم کوٹیک نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے شراب پی ہوئی تھی اور عدالت نے ان پر 2000 درہم کا جرمانہ عائد کیا۔مقامی میڈیا کے مطابق کوٹیک کو آئندہ چند روز میں رہا کر کے ملک بدر کردیا جائے گا۔جرمنی کا یہ بینڈ 1965 میں قائم ہوا تھا اور اب تک 20 البم ریلیز کر چکے ہیں۔کوٹیک اس بینڈ میں 1996 میں شامل ہوئے تھے۔

مزید : کلچر