باغبانپورہ ، نوجوان نے زہریلی گولیاں کھاکرخود کشی کرلی

باغبانپورہ ، نوجوان نے زہریلی گولیاں کھاکرخود کشی کرلی

لاہور(کرائم سیل ) باغبانپورہ کے علاقہ میں گھر میں کھانا نہ پکنے اور پیاز سے روٹی کھانے پر نوجوان نے زہریلی گولیاں کھاکر خود کشی کرلی، پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بستی موڑ باغبانپورہ کااٹھارہ سالہ نوجوان نعمان مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔وہ کام سے واپس گھر آیا اور کھانے کا پوچھا تو والد ہ نے بتایا کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے کچھ نہیں پکایا جس پر نعمان نے غصے میں آکر پیاز سے روٹی کھالی اورکمرے میں چلا گیا جہاں اس نے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں نگل لیں ۔حالت غیر ہونے پر اسے مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ چند گھنٹوں کے بعد چل بسا ۔ اس سلسلہ میں تفتیشی افسر نے بتایا کہ نعمان گھر میں کمانے والا اکیلا ہی تھا ،معمولی سی بات پر ناراض ہوگیا اور غصے میں آکر خود کشی کرلی، لواحقین نے کسی بھی قسم کی کاروائی کروانے سے انکار کردیا جسکی وجہ سے لاش ورثاء کے حوالے کردی ہے ۔

مزید : علاقائی