خادو کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا

خادو کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا


لاہور ( کرائم سیل ) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی ڈویژن نے مارکیٹوں ،شاپنگ سنٹرز اور شہر کے مختلف رہائشی علاقوں سے کاریں چوری کرنے والے خادو کار چور گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی کاریں اور رکشہ برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او لاہو ر چوہدری شفیق احمد نے شہر میں وہیکل چوری اور دیگرجرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور آپریشنز کو ان وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکرنے کاحکم دیا جس کے تحت پولیس کی سپیشل ٹیمیں دن رات جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔ ایس پی سی آر او مصطفی حمید ملک نے ڈی ایس پی AVLS سٹی ڈویژن محمد یعقوب اعوان کی سربراہی میں انچارج اینٹی وہیکل لفٹنگ سکواڈ سول لائن سب انسپکٹر مہدی حسن بھٹی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کی بناء پرکار چوری کی سنگین وارداتوں میں ملوث خادو کار چور گینگ کے سرغنہ خادم حسین عرف خادو اور اس کے 2 ساتھیوں کامران بشیر اور زاہدتنویر کو گرفتار کرکے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی 10 کاریں اور ایک رکشہ برآمد کر لیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس سے قبل بھی کار چوری کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ شاہدرہ، نصیر آباد، نواب ٹاؤن، ساندہ،گلبرگ، فیصل ٹاؤن، شادمان، وحدت کالونی، چوہنگ اور سبزہ زار کے علاقوں میں کار چوری کی16 مزید وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید نے کار چور گینگ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیاہے۔

مزید : علاقائی