ملک میں غیریقینی صورتحال کی بحث اب ختم ہو جانی چاہیے،حمزہ شہباز
لاہور(پ ر)رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال کی بحث اب ختم ہونی چاہیے۔ تمام قومی اداروں میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ پاک فوج نے فرنٹ لائن پر جانوں کے نذرانے دیئے ہیں۔ ہم سب کو اپنی فوج سے پیار ہے۔ ہم یوم شہداءپر فوج کے شہیدوں اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ میڈیا سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد کو پاکستان کے اصل ایشو یعنی دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہدرہ میں چند روز پیشتر گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے دو بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والے بچوں مناہل اور زین کے والدین کو حکومت پنجاب کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی دیئے اور کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں وہ ان کے ساتھ برابر شریک ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ واسا سمیت تمام شہری اداروں کو جدید بنیادوں پر استوار کئے بغیر ایسے افسوسناک حادثات سے بچنا مشکل ہے اس لئے حکومت پنجاب نے واسا کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی دوڑ میں دوسرے ملکوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کے لئے ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا۔ اگر ادارے اپنا کام صحیح طور پر کر رہے ہوں تو ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وہ حال ہی میں چین کے دورے سے واپس آئے ہیں۔ چین کے ساتھ موجودہ پاکستانی حکومت نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے تناظر میں بے حد اہم معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جن میں کراچی تا لاہور موٹر وے‘ کاشغر تاگوادر اکنامک کوریڈور اور لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کی صورت میں ایک روشن اور تابناک مستقبل پاکستان کا منتظر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ ان کی جماعت تیسری دفعہ اقتدار میں آئی ہے۔ ہم نے اس تمام عرصے میںیہی سبق سیکھا ہے کہ اختیار اور طاقت کا اصل منبع عوام ہیں اور عوامی نمائندوں کو اپنے علاقے کے مسائل اور عوام سے مستقل رابطے میں رہنا چاہیے۔