پیپلز پارٹی نجکار ی کے نام پر نکالے جانیوالے مزدوروں کیساتھ ہو گی، آصف زرداری

پیپلز پارٹی نجکار ی کے نام پر نکالے جانیوالے مزدوروں کیساتھ ہو گی، آصف زرداری

کراچی )پ ر (سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری نے یومِ مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم ہے کہ وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ڈاﺅن سائزنگ یا نجکاری کے نام پر انہیں ملازمتوں سے نکالے جانے کی مزاحمت کی جدوجہد میں مزدوروں کے ساتھ ہوگی اور انہیں بیروزگاری سے بچانے کے لئے ہر فورم استعمال کرے گی۔ اس کے علاوہ مزدوروں کو حاصل حقوق کی نہ صرف حفاظت کرے گی بلکہ ان حقوق کو بڑھانے کے لئے اور ان کی مراعات میں اضافے کے لئے بھی ہر کوشش کرے گی۔ مزدوروں کا یہ حق ہے کہ ان کی ملازمت کو تحفظ حاصل ہو اور انہیں مناسب اجرت بھی ملے۔ پارٹی ان کے وقار اور عزت کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی تاکہ معاشرے میں انہیں ان کا جائز مقام دلوایا جا سکے۔ سابق صدر نے کہا کہ پارٹی کے شہید لیڈران کا مزدوروں سے یہ وعدہ تھااور پارٹی ان کے وعدے کی مکمل پاسداری کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی گزشتہ مخلوط حکومت نے برطرف ملازمین کو بحال کیا، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کیا اور ایسے قوانین بنائے کہ اگر کسی کو غیرقانونی طور پر ملازمت سے برطرف کیا جائے تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔ پیپلز پارٹی کبھی بھی ان تمام اقدامات کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اب تک مزدوروں کے لئے اور ان کی ملازمتوں کے تحفظ کے لئے متعدد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور جب تک مزدوروں کو ان کا جائز اور حقیقی مقام نہیں مل جاتا پارٹی مزدوروں کی جدوجہد میں شامل رہے گی۔ اور پارٹی وہ تمام ضروری سیاسی اور قانون اقدامات کرے گی جن سے مزدوروں کو استحصال سے بچایا جا سکے۔

 آصف زرداری

مزید : صفحہ آخر