وطن کے دفاع میں کوئی کسر اُٹھانہ رکھیںگے،کور کمانڈر لاہور

وطن کے دفاع میں کوئی کسر اُٹھانہ رکھیںگے،کور کمانڈر لاہور

لاہور (پ ر)کمانڈرلاہور کور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے پاک فوج کے شہداءنے قومی وقار ، سا لمیت اور خود مختاری کی خاطر عظیم قربا نیاں دی ہیں اور ان کی بے مثال بہادری اور شجا عت کے کارنامے ہماری تاریخ کے ابواب میں سُنہرے حروف سے عبارت ہیں۔اُنھوں نے کہا کہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ جس دھرتی کی آبیاری شہداءکے خون سے ہو، اُسے دُنیا کی کوئی طاقت زیر نہیں کرسکتی۔ وُہ آج لاہور گیریژن میں یوم شہداءکے سلسلے میں منعقد ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرر ہے تھے۔ اِس موقع پراعلیٰ سول اور فوجی حکام ، مختلف شعبہ¾ جات زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکے علاوہ پاک فوج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس آفیسرز ، جوان اور شہداءکے عزیزو اقارب کی کیثر تعداد نے شرکت کی۔ کمانڈ ر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا کہ یوم ِ شہداءوطن عزیز کی بقاءاور استحکام کی خاطر ہمیں اپنا فر ض اورجذبہ خدمت کی یا دہانی کرواتا ہے اور پاک فوج اپنے اس اعلیٰ نصب العین سے کبھی غافل نہیں رہ سکتی ۔ اُنھوںنے کہا کہ آج بھی دفاع ِوطن کی خاطرپاک فوج کے بہادر سُپوت دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سینہ سپر ہیں اور بھر پور قومی پذیرائی کی بدولت اپنے مقصد کے حصول کے لئے پُر عزم ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ مُلک ہماری جان ، ہماری پہچان اور ہمارا ایمان ہے اورہم ارض مقدس کا دفاع ہر قیمت پر کرتے رہیں گے اور سبز ہلالی پرچم کو کبھی سرنگوں نہ ہونے دیں گے۔ مادر ِوطن کے دفاع کو نا قابل ِ تسخیر بنانے میں کوئی کسر اُٹھانہ رکھیں۔ تقریب کے آغاز پر گورنر پنجا ب چوہدری محمد سرور اورکمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے یادگار ِشہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔ اِس موقع پر پاک فوج کے ایک چاک و چوبند دستہ نے سلامی پیش کی۔ آخر میں شہداءکے ورثاءنے یادگار پر پُھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔ تقریب میں شہداءکے ورثاءنے اپنے اپنے تاثرات بیان کئے اور مُلکی سلامتی کے لئے اس قربانی پر احساس فخر کا اظہار کیا ۔ اِس موقع پر مُلک کی اُبھرتی گلوکارہ سارہ رضا اور معروف گلوکار عطااللہ عیٰسی خیلوی کے بیٹے سانول نے قومی نغمے گائے اور ماحول کو گرما دیا۔

کور کمانڈر

مزید : صفحہ آخر