پٹرولیم مصنوعات ساڑھے 4روپے فی لیٹر تک ایل پی جی 15روپے فی کلوسستی

پٹرولیم مصنوعات ساڑھے 4روپے فی لیٹر تک ایل پی جی 15روپے فی کلوسستی

                  اسلام آباد/لاہور( اے این این )آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے مئی کے مہینے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 34پیسے سے ساڑھے چار روپے کمی کا نوٹفیکیشن جا ری کر دیا ہے جس کے مطابقپٹرول34پیسے،ہائی سپیڈ ڈیزل4روپے 51پیسے اور ہائی اوکٹین1روپیہ94پیسے فی لیٹر سستا ہو گیامٹی کے تیل کی قیمت میں3روپے8پیسے فی لیٹر کمی گئی ہے،نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر یکم مئی سے ہو گا جبکہ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 15روپے فی کلو مزی کمی کر دی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر177روپے اور کمرشل سلنڈر681روپے سستا ہو گیاہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے مئی کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 51پیسے فی لیٹر تک کمی کی منظوری دے دی۔ اوگرا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر ڈیزل کی قیمت میں 4روپے 51 پیسے ، ایچ او بی سی کی قیمت میں 1روپے 94پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 93پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے8پیسے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 34پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے ۔ کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 107روپے 97پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔ ہائی سپیڈ ڈیزل 109روپے 34پیسے، ایچ او بی سی 134روپے 63پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا ۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 98روپے 34پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 94روپے 13پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے ۔ دریں اثناءوزیراعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق لندن میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں پٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرول کی قیمت میں 34 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 51 پیسے، ہائی اوکٹین کی قیمت میں 1روپیہ 94 پیسے، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 93 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 8 پیسے کمی کی منظوری دی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیراعظم کو گزشتہ تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین ماہ کے دوران پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 71 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 79 پیسے کمی کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طورپر یکم مئی سے ہوگا۔دریں اثناءایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 15روپے فی کلو کمی کر دی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 177 اور کمرشل 681روپے سستا ہوگیا ہے۔ صدر ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 15روپے فی کلو کمی کی ہے جس سے گھریلو سلنڈر 177اور کمرشل 681روپے سستا ہو گا۔ مارکیٹ میں ایل پی جی کی طلب کم ہوئی ہے جس کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 15روپے فی کلو کمی کر دی ہے۔ کراچی میں ایل پی جی کی قیمت 90روپے فی کلو ہوگی۔واضح رہے کہ چن روز قبل بھی ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو کمی کی گئی تھی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭

مزید : صفحہ اول