آزادی صحافت بھی پاک فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،پرویز رشید

آزادی صحافت بھی پاک فوج کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،پرویز رشید

                               اسلام آباد( اے این این )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاک فوج کو سلیوٹ ¾ وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہے ¾ آزادی صحافت بھی پاک فوج کی مرہون منت ہے ¾ انٹیلی جنس ایجنسیوں کا کردار قابل تحسین ہے ¾ جو بل ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی کاٹ دی جائے گی ¾ اپنے دور اقتدار میں لوڈشیڈنگ کا عذاب ختم کرینگے ¾ عمران خان کو سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنا چاہیے ¾ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل آگے بڑھ رہا ہے ¾نابینا کرکٹ ٹیم پوری دنیا میں پاکستان کی امن کی سفیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ میں نیشنل بینک کے زیراہتمام نابینا لڑکوں کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نابینا کرکٹ ٹیم پوری دنیا میں پاکستان کی امن کی سفیر ہے جس نے ہمارا پرچم بلند کیا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ، حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کےلئے کوشاں ہے ۔ پاکستان کو توانائی اور دہشت گردی کے بحران کا سامنا ہے اور ہم قوم کو اس دلدل سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ (آج) ملک بھر میں یوم شہداءمنایا جارہا ہے جس پر ہم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ پاک فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے اور ہم ان کے ممنون و مشکور ہیں انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی اس جنگ میں مثبت کردار ادا کیا ہے آج ملک کی آزادی پاک فوج کی مرہون منت ہے فوج نے پہلے خارجی محاذ پر اور اب داخلی محاذ پر وطن کا دفاع کیا ہے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف داخلی جنگ ہے ، دہشت گرد ہماری آزادی چھیننا چاہتے ہیں ان کے ایجنڈے میں صحافت نام کی کوئی چیز شامل نہیں ہے اس لئے آزادی صحافت اور آزادی عدلیہ بھی پاک فوج کے سر ہے ۔ آج ہم ان ہزاروں شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان دے کر ملک کا دفاع کیا ہم ان کی قربانیوں پر پاک فوج کو سلیوٹ کرتے ہیں ۔ لوڈشیڈنگ اور بعض سرکاری اداروں کی بجلی کاٹنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کام وزیرمملکت عابد شیر علی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کیونکہ وہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے سرخیل ہیں ، موجودہ بحران کے خاتمے کےلئے بلوں کی ادائیگی ناگزیر ہے کیونکہ بلوں کی ادائیگی نہیں ہوگی تو کمپنیوں کو ادائیگی نہیں دی جاسکتی گردشی قرضہ اسی وجہ سے بڑھتا ہے اب حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ جو بل ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی کاٹ دی جائے گی ، اس فیصلے کا تعلق کسی صوبے یا پارٹی سے نہیں ہے بلکہ یہ مجموعی پالیسی ہے جس کے تحت اہم وفاقی اداروں کی بجلی بھی کاٹی گئی ہے ۔ہم اپنے دور اقتدار میں لوڈشیڈنگ کا عذاب ختم کرینگے وزیراعظم نواز شریف آئے روز منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں بجلی کا بحران ہمیں ورثے میں ملا ہے بجلی ایک ایسی چیز ہے جو راتوں رات پیدا نہیں ہوسکتی ۔ عمران خان کی آئندہ تحریک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے انتخابی نظام میں بہتری کے مطالبے کی ہم تائید کرتے ہیں لیکن انہیں سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنا چاہیے اس گرمی میں وہ اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر لاکر کیوں تکلیف دینا چاہتے ہیں وہ خود حکومت میں ہیں انہیں پارلیمانی فورم پہ تجاویز دینی چاہئیں تاکہ ہم انتخابی نظام کو مزید شفاف بنا سکیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل آگے بڑھ رہا ہے اور جلد بہتری آئے گی ۔ پروفیسر ابراہیم کے اس بیان پر کہ اگر پرویز مشرف باہر گئے تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی پرویز رشید نے کہا کہ یہ پروفیسر صاحب کی ہی جماعت تھی جنہوں نے پرویز مشرف کی 17 ویں ترمیم کو منظور کرایا اور ان کے ہاتھ مضبوط کئے بہتر ہے وہ ایسے بیان نہ دیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ جیو کا معاملہ پیمرا میں زیر غور ہے اور وہی اس کا فیصلہ کرےگا پیمرا میں تمام فریقین کو اپنا اپنا موقف پیش کرنے کی اجازت ہے ۔

مزید : صفحہ اول