ملک کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں،شجاعت

ملک کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں،شجاعت


لاہور (اے این این ) مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیر اعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے اپنے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے جو گرانقدر خدمات انجام دیں اور تاریخی اقدامات کیے اس پر بیرون ملک مقیم پاکستانی دل کی گہرائیوں سے ان کے مشکور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سجیل کیانی تحریک انصاف، مشتاق اعوانی کشمیری رہنما، لارڈ ایم کے پاشا صدارتی ایوارڈ یافتہ برائے یونٹی، چودھری پرویزاقبال لوہسر چیئرمین ای یو پاک بلجیم، عبد اللہ بٹ سیاسی رہنما، ایم ندیم بٹ صدر پریس کلب بلجیم، حاجی غلام خان نائب صدر برلن جرمنی مسلم لیگ ن، میاں اسد پگانوالہ، محمد رفیع خان مسلم لیگ ن جرمنی، ہارون رشید گھمن جرمنی اور شفقت علی رضا نمائندہ برائے جنگ جیو سپین شامل تھے۔ وفد نے کہا کہ یورپ سمیت پوری دنیا میں انتقال کر جانے والے کسی بھی پاکستانی کی میت بلامعاوضہ اس کے گھر تک پہنچانے کی سہولت آپ کا ایک تاریخی اقدام ہے کیونکہ اس کام کیلئے پہلے چندہ اکٹھا کرنا پڑتا تھا۔ چودھری شجاعت حسین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا معاملہ ہو یا عالمی سطح پر پاکستان کا کیس لڑنا ہو اوورسیز پاکستانیوں کی آواز ہمیشہ بلند رہی ہے، پاکستان میں کوئی بھی بحران ہو تو تپش اوورسیز پاکستانی بھی محسوس کرتے ہیں، وہ کبھی بھی وطن کی صورتحال سے لاعلم نہیں رہے، پنجاب میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے جو کمیشن بن رہا ہے اس میں ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز ممبر ہیں جنہوں نے یہاں عوام کے مسائل حل نہیں کیے تو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کیا حل کریں گے۔

مزید : صفحہ اول