محنت کش کسی بھی ملک کی معیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،شہبازشریف
لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ محنت کش کسی بھی ملک کی معیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے- مزدور کو بااختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف کاحصول ممکن نہیں- یوم مئی کے موقع پر دنیا بھر میں شگاگو کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہاہے- ہمیں آج کے دن مزدوروں کی فلاح اور ان کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کا بھر پور ساتھ دےنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام نے مزدور کی عظمت کو بھرپورطریقے سے اجاگر کیا ہے اور مزدور کو اﷲ تعالیٰ کا دوست قرار دیا گیاہے-پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی معاشرہ کے قیام کےلئے محنت کشوں کے ساتھ اچھا برتاﺅ اور ان کے حقوق کے حوالے سے اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہونا ہو گا- انہوںنے کہا کہ شگاگو کے مزدور رہنماﺅں کی قربانیوں اور مزدوروں کی اپنے حقوق کے لئے لا زوال جدوجہد کے نتیجے میں محنت کشوں کو وہ حقوق ملے جن سے انہیں صدیوں سے محروم رکھا جا رہا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں- محنت کشوں کو رہائش ، علاج معالجہ اور ان کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے متعدد پروگراموں پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے- صوبے بھر میں سوشل سکیورٹی ہسپتالوں، ڈسپنسریوں ، لیبر کالونیوں اور محنت کشوں کے بچوں کے لئے معیاری تعلیمی اداروں کا قیام حکومت پنجاب کی مزدور دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے- محنت کشوں کی تربیت، ٹیکنیکل اور ووکیشنل ادارو ں کے قیام ،بہتری اور بحالی کے لئے بھی متعدد اقدامات کئے گئے ہیں-انہوںنے کہاکہ 10ارب روپے سے قائم کئے گئے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذرےعے غریب مزدور اور محروم معیشت طبقات کے ہونہار بچوں کو معروف تعلیمی اداروں میں زیو ر تعلیم سے آراستہ کیا جا رہاہے- محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی غرض سے صوبائی دارالحکومت میں پہلی ساﺅتھ ایشیاءلیبر کانفرنس کا کامیابی سے انعقاد کیاگیاجس میں 75غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی- انہوںنے کہاکہ لیبر کانفرنس مزدوروں کی فلاح و بہبود ، علاقائی ہم آہنگی کے فروغ اور محنت کشوں کے حوالے سے مشترکہ پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوگی-