افغانستان: فوجی اڈے پر شدت پسندوں کا حملہ،60سے زائد ہلاک

افغانستان: فوجی اڈے پر شدت پسندوں کا حملہ،60سے زائد ہلاک
افغانستان: فوجی اڈے پر شدت پسندوں کا حملہ،60سے زائد ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک )افغان حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع فوجی اڈے پر ’غیر ملکی‘ شدت پسندوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے اور اس دوران لڑائی میں ،60سے زائد شدت پسند اور 5 افغان فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ہلاکتوں کی اس تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔حکام کے مطابق طالبان شدت پسندوں نے بدھ کو صوبہ پکتیکا کے ضلع زرکوک میں واقع اڈے کو نشانہ بنایا۔یہ علاقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے صرف 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے جسے حقانی گروپ کے طالبان کا مرکز تصور کیا جاتا ہے۔ایک افغان کمانڈر کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے مسلح حملہ آوروں میں سے زیادہ تر کا تعلق بھی حقانی گروپ سے تھا اور ان کی تعداد تین سو سے زیادہ تھی۔افغان حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ شدت پسندوں سے مقابلے کے دوران افغان فوج کو نیٹو کی فضائی مدد بھی حاصل رہی تاہم افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔مقامی افراد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس لڑائی میں نیٹو کے طیارے کے استعمال کی تصدیق کی ہے۔افغان کمانڈر نے کابل میں بی بی سی کے بلال سروری کو بتایا کہ اس نے اپنے کیریئر میں اتنی ’خونریز‘ لڑائی کم ہی دیکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں نے حملے کے دوران راکٹ سے داغے جانے والے بم، مشین گن اور مارٹر گولے استعمال کیے۔بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق جس علاقے میں یہ فوجی اڈہ واقع ہے وہ شدت پسندوں کے لیے افغانستان میں داخلے اور خروج کے لیے سٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔ان کے مطابق طالبان اس علاقے کو وزیرستان سے ہتھیاروں اور جنگجوو¿ں کی افغانستان منتقلی کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں۔