اپنی ناکامیوں سے بہترین اداکارہ بننا سیکھا ہے، دیپکا پڈوکون

اپنی ناکامیوں سے بہترین اداکارہ بننا سیکھا ہے، دیپکا پڈوکون
اپنی ناکامیوں سے بہترین اداکارہ بننا سیکھا ہے، دیپکا پڈوکون

  

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون جسے ایک سال کے دوران اوپر تلے تین ہٹ فلمیں دینے پر ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر لیا جارہا ہے، کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی ناکامیوں سے ایک بہترین اور بڑی اداکارہ بننا سیکھا ہے اور یہ جان گئی ہوں کہ مجھے کونسی فلمیں اور کن اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ مجھے اپنی حال ہی میں ریلیز فلموں سے ایوارڈ جیتنے کی کوئی توقع نہیں تھی اور نہ ہی میں اپنی ناکامیوں سے مایوس ہوتی ہوں کیونکہ مجھے ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے اور میں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں سامنے آنے والی کمزوریوں پر قابو پاتے ہوئے انہیں طاقت میں تبدیل کرلیا ہے۔ یہ بات اداکارہ نے حال ہی میں ایک ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اسے انٹر ٹینر آف دی ایئرکا ایوارڈ دیا گیا جبکہ حال ہی میں دیپکا نے امریکہ میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران فلم ”چنائے ایکسپریس“ کے مشہور گانے ”لنگی ڈانس“ جس میں انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ پرفارم کیا تھا، پر ہالی ووڈ سٹار کیون سپیسی کے ساتھ ڈانس بھی کیا۔ لنگی ڈانس پر بہترین رقص کس نے کیا؟ کے سوال پر دیپکا کا کہنا تھا کہ سینما انڈسٹری میں ہونے والی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ میں کمرشل اور آرٹ فلموں کے درمیان قائم تفریق کم ہونا اداکاروں کے بہترین مفاد ہے اور اس سے ہمیں بہتر طور پر اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ دیپکا کی رواں برس کے دوران دو ہندی فلمیں کوچاڈیاں، ہیپی نیوایئر اور ایک انگلش فلم ”فائنڈنگ فینی“ سینما گھروں کی زینت بنائی جارہی ہیں۔ ہدایتکار سوندریا کی فلم ”کوچاڈیاں“ میں 28 سالہ اداکارہ تامل سپر سٹار رجنی کانت کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں آدیھی، شوانہ، آرشرتھ کمار، جیکی شروف، نصیر اور رکمنی وجے کمار شامل ہیں۔ ”کوچاڈیاں“ کو 9 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ دیپکا کی انگلش فلم ”فائنڈنگ فینی“ 12 ستمبر کو ریلیز ہوگی ہومی ادجانیا کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم میں ارجن کپور، نصیر الدین شاہ، ڈمپل کپاڈیہ اور پنکج کپور بھی اہم کرداروں میں ہیں جبکہ اداکارہ کی تیسری فلم ”ہیپی نیو ایئر“ جس میں وہ بالی ووڈ کے کنگ خان کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں، کو 23 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔

مزید : تفریح