گالف، گیند ڈالنے والے سوراخ کو تقریباً چار گنابڑا کرنے کا منصوبہ
لاس اینجلس (بیورورپورٹ) گالف کھیلنے والے اکثر افراد اس وقت بدمزگی کا شکار ہوجاتے ہیں جب تمام تر کوشش کے باوجود گیند کو سوراخ میں ڈالنا مشکل نظر آتا ہے لیکن اب یہ مسئلہ حل ہونے کو ہے کیونکہ امریکہ میں گالف ایسوسی ایشن کے کرتا دھرتا اب اس کھیل کو بہت آسان بنانے والے ہیں۔ امریکہ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ گیند ڈالنے والے سوراخ کو تقریباً چار گنا کھلا کردیا جائے تاکہ اس میں گیند ڈالنا پہلے سے کہیں آسان ہوجائے۔ تجویز یہ ہے کہ س سوراخ کے سائز کو تقریباً 15 انچ کردیا جائے جو کہ پہلے محض 4انچ ہے۔ اس فیصلے کی وجہ یہ بنی ہے کہ پچھلے دس سال میں امریکہ میں 5 لاکھ افراد کی دلچسپی اس کھیل میں صرف اس وجہ سے ختم ہوگئی کہ ان کی گیند سوراخ میں نہیں جارہی تھی۔ یہ امید کی جارہی ہے کہ اس فیصلے کے نتیجہ میں کھلاڑیوں کے سکور بہتر ہوجائیں گے اور کھیل کی رفتار بھی تیز ہوجائے گی جس سے شائقین کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ نئے سائز کے متعارف ہونے کے بعد گالف کے سوراخ کا سائز تقریباً ایک عام پیزے کے سائز کے برابر ہوجائے گا جس میں گیند ڈالنا یقیناً پہلے سے بہت آسان ہوجائے گا۔ گالف فاؤنڈیشن کی ایک تحقیق کے مطابق 35 سال سے کم عمر افراد تنگ سوراخ کی وجہ سے گالف میں دلچسپی کھورہے ہیں۔